کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہفتہ واتوار کی درمیانی شب شاہ لطیف تھانے کی حدود غریب آباد، کوہی گوٹھ اور صالح محمد گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا، اس موقع پر مشکوک افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے آئی ٹی ٹیم بھی موقع پر موجود تھی، آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں گٹکا بنانے کا سامان اور لاکھوں روپے مالیت کی مشینری سمیت دو ملزمان مختیار اور عبدالحکیم کو گرفتار کرکے قبضے سے منشیات اور آئس برآمد کرلی، کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود مہران ٹاؤن اور بلال کالونی میں بھی رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے داخلی وخارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی لی متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیا۔ پاک کالونی پولیس نے لیاری گینگ وار کارندوں ساجد، ماجد گروپ کے کمانڈر احسان شار عرف پٹھان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ بوٹ بیسن پولیس نےتین ملزمان صوبت خان، حمید اور ساحل کو گرفتار کر کے منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ رضویہ پولیس نے چار ملزمان عبید اللہ پٹھان ، عبدالوقاص، اریب اور شاہ زیب کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ موچکو پولیس نے حب سے آنے والے رکشے کو روک کر دوران تلاشی بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرکے رکشے میں سوار خاتون منشیات اسمگلر لطیفاں، ڈرائیور پرویز حسن اور احمد اللہ کو گرفتار کرکے رکشہ تحویل میں لے لیا۔شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے دو ملزمان ثنا اللہ اور عدنان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ پاکستان بازار پولیس نے شہری سے لوٹ مارکرنے والے ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔