کوئٹہ( خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص و مضر صحت اشیاء خوردونوش تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ڈھاڈر شہر میں تین ہوٹلوں سمیت ایک برف کارخانہ ،ایک جنرل سٹور اور ایک بیکری پر جرمانے عائد کیے گئے۔بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ علاقے میں قائم ہوٹلوں، ،سویٹس اینڈ بیکرز، ملک شاپس اور جنرل اسٹورز سمیت مختلف کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا۔ ہوٹلوں کے خلاف صفائی کی ابتر صورتحال،غیر معیاری آئل اور گھی کے استعمال،ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے، گندے کچن و سٹوریج ایریا ،برف خانہ کو آلودہ پانی سے برف کی تیاری، زنگ آلود برتن و ٹرانسپورٹیشن ،تیار کردہ برف میں حشرات کی موجودگی جبکہ بیکری اور جنرل اسٹور کو ممنوعہ و زائد المیعاد اشیاء کی موجودگی و فروخت پر جرمانہ کیا گیا،کاروائی کے دوران مراکز سے برآمد ہونے والی اشیاء ،ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکا پان پراگ اور کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری میں استعمال کیے جانے والے نان فوڈ گریڈ کلرز موقع پر تلف کر دیے گئے، مزید برآں فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے کھانے پینے کے مراکز کے مالکان کو معیاری غذائی اشیاء کی تیاری و فروخت، برف کارخانوں کو صفائی کے انتظامات بہتر کرنے، برف کی تیاری مقررہ معیار کے مطابق یقینی بنانےاور ورکرز کے میڈیکل کروانے کی ہدایت کی گئی، اس حوالے سے انہیں خصوصی ایس او پیز کی کاپیاں بھی فراہم کی گئیں۔