سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتہ ہوگئے ہیں ۔
سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان کی اہلیہ کے مطابق اُن کے شوہر کی گاڑی G-6 اُن کے اسکول کے پاس کھڑی پائی گئی ہے ۔
اہلیہ مطیع اللّٰہ جان کے مطابق اُنہیں بتایا گیا کہ اُن کے شوہرکو کچھ لوگ زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ہیں ۔
مطیع اللّٰہ جان کے لاپتہ ہونے پر مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ آبپارہ میں صحافی مطیع اللّٰہ جان کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرلی گئی ہے جبکہ مطیع اللّٰہ جان کے لاپتہ ہونے کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکام جلد از جلد مطیع اللّٰہ جان کا پتا لگائیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ مطیع اللّٰہ جان کوصحافت کے باعث ماضی میں حملوں اور ہراساں کیے جانے کا سامنا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بھی مطیع اللّٰہ جان کی فوری بازیابی کامطالبہ کیا گیا ہے ۔