• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں 80 فیصد کورونا مریض گھروں میں صحت یاب

سندھ بھر میں کورونا وائرس کے 80 فیصد مریض گھروں میں ہی صحت یاب ہو گئے، صرف 20 فیصد افراد قرنطینہ مراکز یا اسپتالوں میں جاکر صحت یاب ہوئے ہیں۔

محکمۂ صحت سندھ کے حکام کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر اب تک 1 لاکھ 14 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 88 ہزار سے زائد افراد اسپتال گئے بغیر گھروں پر ہی ٹھیک ہو گئے۔

صوبائی محکمۂ صحت نے اس سلسلے میں رپورٹ تیار کر کے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں ایک لاکھ 14 ہزار کیسز میں سے 82 فیصد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، 88 ہزار سے زائد افراد اسپتال گئے بغیر گھروں پر ہی ٹھیک ہوگئے۔


صوبے کے 15 قرطینہ سینٹرز میں صرف 2 ہزار 933 افراد صحت یاب ہوئے، صوبے کے 51 نجی و سرکاری اسپتالوں میں 2 ہزار 872 افراد صحت یاب ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گھروں میں صحت یاب ہونے والوں میں 70 فیصد مرد، 30 فیصد خواتین ہیں۔

53 ہزار 942 کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کی عمریں 21 سے 40 سال کے درمیان ہیں،11ہزار 954 صحت یاب افراد کی عمریں 1 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔

کورونا سے صحت یاب ہونے والے 34 ہزار 164 افراد کی عمریں 41 سے 60 سال کے درمیان ہیں، 9 ہزار 948 صحت یاب افراد کی عمریں 61 سے 100 سال کے درمیان ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

سندھ میں کورونا سے ہلاکتیں 2 ہزار سے بڑھ گئیں، شرح اموات 1.8 فیصد

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 14 ہزار 104 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں 2 ہزار 41 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار 428 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 5 ہزار 677 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 51 ہزار 283 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 436 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 2 لاکھ 10 ہزار 468 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین