• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، محکمہ ماحولیات کا ضلع ٹھٹھہ میں پام پلانٹیشن کا آغاز

ترجمان سندھ حکومت مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پام پلانٹیشن پاکستان میں نہیں ہوتی، بینظیر بھٹو کا خواب تھا پام آئل کے درخت پاکستان لگائے جائیں ، محکمہ ماحولیات سندھ کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ میں پام پلانٹیشن کا آغاز کیا گیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی میں میڈیا کانفرنس کےدوران کہا ہے کہ پام آئل کو امپورٹ کرنے کے لیے چار ارب ڈالر سالانہ خرچ کیے جاتے ہیں، ٹھٹھہ کے علاقے کاٹھور میں پام آئل کے درخت لگائے تھے، پام آئل کے درخت اب پھل دینا شروع ہوگئے ہیں، چین سے ہیوی مشینری آگئی ہے، آئندہ مہینے پام آئل پھل سے تیل نکالنا شروع کردیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان کے پام آئل کی کوالٹی ملیشیا سمیت دیگر ممالک جیسی ہے، پندرہ سو ایکڑ زمین پر پام آئل درخت مزید لگائے جائیں گے تاکہ ہم پام آئل کی امپورٹ سے جان چھڑا سکیں ، سندھ حکومت کی کاوش سے سالانہ چار ارب ڈالر خرچ کو کم کیا جا سکے گا۔

انہوں نے موجودہ حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کرپشن کا دوسرا نام ہے، ملک بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، آٹا چینی ، مافیاز کو سپورٹ کرنے کی وجہ سے چینی نوے روپے کلو تک پہنچ گئی، وزیراعظم چینی اسکینڈل میں براہ راست ملوث ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے بحران ہیں، وزیراعظم نوٹس بھی لے چکے ہیں، و زیراعظم نے جب نوٹس لیا غریب آدمی کا استحصال ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج سے راہ فرار اختیارکیے ہوئے ہیں، ان ایشوز پر عوام کو تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لگتاہےکہ عمران خان وزیراعظم نہیں آج اپوزیشن کے لیڈر ہیں، یہ مافیاز کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی نے کیا خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی بل جمع کرایا ہے، جہاں ا ن کی حکومت ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے سوال اٹھایا کہ کیا اسلام آباد میں انہوں نے ایسا بل جمع کرایا ہے جہاں عمران نیازی کی حکومت ہے، پنجاب میں وسیم اکرم پلس کے صوبے میں یہ بل جمع کرایا ہے؟

مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ غریب کو نہیں ہوا، نقصان عوام کا اور فائدہ مافیا کا ہوا، مافیاز پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کا حصہ ہیں، اگر مافیاز پی ٹی آئی کا حصہ نہ ہوتے تو گندم چینی ادویات کی قیمت نہ بڑھتی، پی ٹی آئی پہلے طے کرے قانون سازی پارلیمان کے زریعے چاہتے ہیں، پی ٹی آئی نے پنجاب میں بلدیاتی ادارے تحلیل کردئیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی اختلاف کےباوجود میئر کراچی حیدرآباد کو نہیں ہٹایا۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ سندھ کابینہ نے اجرک اور مزار قائد والی اجرک کی منظوری دی ہے، بلاول بھٹو نے اپنے ملک صوبے کی ثقافت کو اجاگر کیا، یہ بغض بلاول بھٹو میں تہذیب سےعاری باتیں کرتے ہیں۔

تازہ ترین