• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی چاہتے ہیں،خالد مقبول صدیقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی سیاست کا اندازجداہے اور اسکی اساس نظریاتی سیاست ہے۔یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم کے فکرو فلسفہ سے متاثر ہوکر جوق در جوق مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے افراد ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات او آر سی اور مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں سیاسی کارکنان کی ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کے موقع پر ان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں محفوظ سومرو (سینئر ڈسٹرکٹ آرگنائزراو آر سی ٹھٹھہ)، محمد شکیل خان جوائنٹ ڈسٹرکٹ آرگنائزر)، سلیم جوکھیو(ڈسٹرکٹ فنافس سیکریٹری)، تحصیل بھنبھورکے کونسلر محمد عامر، ڈسٹرکٹ اور یونین کونسلز کے سینکڑوں کارکنان شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم خدمت اور سیاست دونوں میں منفرد حیثیت رکھنے والی جماعت ہیں۔ نفرت اور عصبیت کے بجائے بلا تفریق رنگ و نسل و زباں سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی چاہتے ہیں۔ ملکر صوبے کو مثالی بنانا چاہتے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان غریب اور مظلوم عوام کو ایوانوں کے ساتھ ساتھ برابری کی بنیاد پر تمام حقوق دلائے۔ جسکے لئے جہد مسلسل کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام شمولیت اختیار کرنے والے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سب ملکر سندھ بھر میں تنظیم کو مضبوط کریں۔

تازہ ترین