اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بہارہ کہو میں صحافی مطیع اللہ جان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔بلاول نے اس موقع پر سینیئرصحافی مطیع اللہ جان کے اغوا اور تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر دور میں میڈیا کی آزادی کیلئے لڑی ہے، ہم جمہوریت اور پریس کی آزادی پر ایسے حملے قبول نہیں کرتے،جو صحافی حکومت پرتنقید کرے اسے نوکری سے نکلوادینا افسوسناک ہے، مطیع اللہ جان کا واقعہ آئین اور انسانی حقوق کے خلاف ہے، جب تک آئین اور انسانی حقوق کا تحفظ نہیں ہوگا مسائل نہیں حل ہوں گے۔بلاول نے کہا کہ آپ مطیع اللہ جان کی بات پسند نہیں کرتے لیکن آپ اس سے اس کا بات کرنے کا حق نہیں چھین سکتے، ہم جمہوریت اور پریس کی آزادی پر ایسے حملے قبول نہیں کرتے، اگر آج یہ مطیع اللہ جان کے ساتھ ہوسکتا ہے کل یہ آپ اور میرے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔بلاول نے کہا کہ جس طرح مطیع کے بیٹے نے ٹی وی پر بات کی ہم سب حیران ہیں۔