• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملازمین کی تنظیمیں متحد‘ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے کا اعلان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی تمام نمائندہ تنظیموں نے متفقہ طور پر آل پاکستان ایمپلائز لیبر تحریک کے نام سے ملک گیر جدوجہد شروع کرتے ہوئے 14اگست کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہر بدھ کو ملک بھر کے ہر سرکاری ادارے میں احتجاج ہو گا۔ وقت آ گیا ہے کہ تمام ملازمین سروں پر کفن باندھ کر سڑکوں پر نکل آئیں۔ قائدین پہلے قربانی دیکر نئی تاریخ کرینگے۔ اس امر کا فیصلہ ملک بھر سے ٹی ایم اے راولپنڈی کے دفتر میں آنے والی تنظیموں ایپکا‘ پیپلز لیبر بیورو‘ پی ٹی یو ڈی سی اور دیگر سی بی اے یونین عہدیداروں نے اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر سرکاری ملازمین کی تمام نمائندہ تنظیموں نے 15رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی اور اپنی جدوجہد کو آل پاکستان ایمپلائز لیبر تحریک کے نام سے شروع کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔ اجلاس میں ایپکا پنجاب کے صدر حاجی ارشاد، چیئرمین آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن پنجاب غلام محمد ناز، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ایپکا سردار حنیف، پی ایل بی کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ، چیئرمین یوٹیلیٹی سٹور ورکرز یونین سید عارف شاہ، جنرل سیکرٹری میونسپل لیبر یونین راجہ مجید، ریلوے مزدور اتحاد کے مرکزی رہنما راجہ عمران، پیپلز یونٹی پی آئی اے کے صدر رمضان لغاری، ریلوے ورکرز یونین پاکستان کے مرکزی نائب صدر رفیق بٹ، سٹیل ملز پیپلز ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری خاور قریشی، پی ٹی ڈی سی کے مرکزی صدر ماجد یعقوب اعوان سمیت دیگر قائدین کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے تمام وعدوں اور دعوئوں کے برخلاف عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کے سامنے جھک چکی ہے۔ نجکاری، ڈائون سائزنگ، سالانہ انکریمنٹ، پنشن اور مستقل روزگار کا خاتمہ، جبری برطرفیاں، یونین سازی کا خاتمہ، مہنگائی اور بیروزگاری تمام جبرو تشدد ہے جو محنت کشوں سے ان کا جینے کا حق بھی چھین لینے کے مترادف ہے۔ اجلاس میں12 نکاتی متفقہ چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کیا گیا ۔
تازہ ترین