• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


سروں کے سلطان، استاد راحت فتح علی خان کے نئے رومانٹک سونگ ’’غم عاشقی تیرا شکریہ‘‘ کے ریلیز کرنے کی تیاریاں عروج پر ہیں، گانے کی ایک جھلک ریلیز کرتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے اردو دنیا کی نامور شاعرہ پروین شاکر کے کلام کو گیت کی شکل دے کر اپنے سننے والوں کے دل جیت لیے ہیں، ابھی گانے کی ایک جھلک ریلیز ہوئی ہے اور میوزک کے دیوانوں کو گانے کی ریلیز کا بے چینی اور بے قراری سے انتظار ہے۔

اس دل کے تاروں کو چھونے والے گیت کی موسیقی نوجوان میوزک ڈائریکٹر کامران اختر نے ترتیب دی ہے جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے اسے شاندار انداز میں پروڈیوس کیا ہے۔

سلمان احمد اس سے قبل استاد راحت فتح علی خان کا سپر ہٹ سونگ ’محبت بھی ضروری تھی‘ پروڈیوس کر چکے ہیں۔ 

استاد راحت فتح علی خان نے بتایا ک ’غم عاشقی تیرا شکریہ‘ عید الاضحی پر ریلیز کر رہے ہیں، گانے کے ابتدائی بول ہمارے ملک کی نامور شاعرہ پروین شاکر نے لکھے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کورونا کے ساتھ جو زندگی گزر رہی ہے وہ بہت خطر ناک ہے، لاک ڈاؤن کے دوران سب سے زیادہ اپنے مداحوں اور پیار کرنے والوں کو یاد کیا اور سب کے لیے دعا کی اللّٰہ تعالیٰ ان کو اپنی امان میں رکھے۔

بچن پریوار کا سن کر افسوس ہوا، امیتابھ بچن ہمارے قوال خاندان سے بہت پیار کرتے ہیں، مجھے ایشوریا اور ابھیشک بچن کی شادی پر پرفارمینس کے لیے مدعو کیا، یہ ان کی محبتیں ہیں، شہرت نے میرا دماغ کبھی خراب نہیں کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہرت حاصل کرنے کے لیے کبھی کام نہیں کیا، بچپن سے استاد نصرت فتح علی خان نے سچی موسیقی کی تربیت دی، غم عاشقی سے خود کبھی نہیں گزرا، ساری زندگی موسیقی سے عشق کیا۔

راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ تخلیق وقت مانگتی ہے، کورونا کی وجہ سے اپنے نئے گانے تخلیق کرنے کا وقت ملا، غم عاشقی تیرا شکریہ اسی وقت میں بنایا، یہ گیت میرے مداحوں کے لیے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ 26 جون 2019 کو لندن میں ایک بہت بڑی تقریب میں دنیا بھر میں موسیقی اور قوالی کے فن کو فروغ دینے اور نمایاں خدمات انجام دینے پر عالمی شہرت یافتہ آکسفورڈ یونی ورسٹی نےگلوکار راحت فتح علی خان کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا تھا۔

علاؤہ ازیں وہ سو سے زیادہ پاکستانی اور بالی ووڈ فلموں کے لیے گیت گا چکے ہیں، ان کی آواز میں ڈراموں کے OST نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

تازہ ترین