سینئر بھارتی اداکار و ہدایتکار گووردھن اسرانی المعروف اسرانی کی موت سے قبل آخری پوسٹ سامنے آگئی۔
سینئر بھارتی اداکار و ہدایتکار اسرانی آج ممبئی میں طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں چل بسے۔
اپنی موت سے چند گھنٹے قبل انھوں نے انسٹاگرام اسٹوریز پر پرستاروں کو ہندو تہوار دیوالی پر نیک خواہشات کا پیغام شیئر کیا۔
ویسے تو انھوں نے 350 سے زیادہ فلموں میں کام کیا لیکن وہ شعلے اور باورچی میں اپنی آئیکونک کرداروں کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔
اسرانی کے منیجر بابو بھائی تھیبا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ سینئر اداکار نے ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع نیدھی اسپتال میں آخری سانس لی۔ جس کے بعد انکی آخری رسومات ممبئی کے علاقے سانتا کروز کے کریماٹوریم میں ادا کی گئیں جہاں خاندان کے قریبی ارکان شریک ہوئے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ آسرانی کے لواحقین میں انکی بیوہ منجو اسرانی، بہن اور بھانجا شامل ہے، جبکہ ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
اپنے 50 برسوں سے زیادہ طویل فلمی کیریئر کے دوران وہ ہندی سنیما کے معروف اور پسند کیے جانیوالے اداکاروں میں سے ایک تھے۔ وہ اپنی بے مثال پرمزاح اور جذباتی اداکاری کے لیے مشہور تھے۔