اسلامی تاریخ پر مبنی تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں تُرگُت سپاہی کا جاندار کردار ادا کرنے والے چنگیز جوشقون کے مداح اس عید الضحیٰ کے موقع پر اُن سے مل سکیں گے۔
ترکش ڈرامہ ارطغرل غازی اور اس سے جڑے ہر ترک فنکار کو پاکستانی شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے، اس بات کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ ارطغرل کے پاکستان میں نشر ہوتے ہی ترکش اداکاروں کی سوشل میڈیا پر فین فالوونگ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، پاکستانی شائقین کی ایک بڑی تعداد سوشل میڈیا پر ترکش اداکاروں کو فالو کر رہی ہے ۔
ڈرامہ ارطغرل غازی کے پاکستان میں موجود مداحو ں کو بے چینی سےانتظار ہے کہ کب ارطغرل غازی کی کاسٹ پاکستا ن میں آئے گی اور پاکستانی مداح اُن سے مل سکیں گے ۔
دیرلیش ارطغرل کی کاسٹ تو فی الحال پاکستان نہیں آ رہی ہے مگر اسی سلسلے میں ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے ۔
یہ ویڈیو ڈرامہ ارطغرل میں مرکزی کردار اطغرل کے قریبی دوست، انتہائی مضبوط سپاہی ترگت کی جاندان اداکاری کرنے والے چنگیز جوشوقون کی ہے ۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چنگیز جوشقون پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کو انگریزی زبان میں پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اس عید الضحیٰ کے موقع پر پاکستانی کرکٹر شاہد خان آفریدی اور پاکستان کے معروف میزبان وسیم بادامی کو انٹرویو دینے کے لیے نہایت پر جوش ہیں۔
چنگیز جوشقون کی جانب سے مداحوں سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ سب اس کے لیے تیار ہیں، وہ اس انٹرویو کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
چنگیز جوشقون نے اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں اپنے مداحوں کو پیغام میں کہا کہ اس انٹرویو کو ضرور دیکھیے گا۔