جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہا ہے کہ تسلیم کرتا ہوں اپوزیشن ابھی مکمل متحد نہیں ہے، اسمبلی میں قانون سازی پرحکومت کو ریلیف دینا اس کی مثال ہے۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کو نہ ریلیف لیناچاہیے، نہ ریلیف دینا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کو کسی قسم کی مصلحت کا شکار نہیں کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت کیخلاف اہم فیصلے ہوں گے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ بعض اوقات تحریکوں کے نتائج فوری نہیں نکلتے، تاریخ ثابت کرے گی ہمارا دھرنا کامیاب تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست میں ہمشہ انتظار کا پہلو ہوتاہے، عوام کی حمایت سے سڑکوں پر آئیں گے۔