• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راحت کا نیا گانا ’غم عاشقی‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول



موسیقی میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے والے سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان کے نئے رومنٹک سونگ ’غم عاشقی تیرا شکریہ‘ دنیا بھر میں بیک وقت ریلیز کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے اردو دنیا کی نامور شاعرہ پروین شاکر کے کلام کو گیت کی شکل دے کر اپنے سننے والوں کے لیے عید کا تحفہ غمِ عاشقی تیرا شکریہ کی شکل میں لائے ہیں۔

اس گانے کی ریلیز کا کئی دنوں سے مداحوں کو بے چینی اور بے قراری سے انتظار تھا۔

اس گیت کی موسیقی نوجوان میوزک ڈائریکٹر کامران اختر نے ترتیب دی ہے جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے اسے شاندار انداز میں پروڈیوس کیا ہے۔

سلمان احمد اس سے قبل استاد راحت فتح علی خان کا سپر ہٹ سونگ ’محبت بھی ضروری تھی‘پروڈیوس کر چکے ہیں۔

استاد راحت فتح علی خان نے بتایا کہ ’غم عاشقی تیرا شکریہ‘عید الاضحی کے موقع پر ریلیز کررہے ہیں، گانے کے ابتدائی بول ہمارے ملک کی نامور شاعرہ پروین شاکر نے لکھے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غم عاشقی سے خود کبھی نہیں گزرا، ساری زندگی موسیقی سے عشق کیا۔

یہ بھی پڑھیے: راحت کا نیا گیت ’غم عاشقی‘ ریلیز کیلئے تیار

انہوں نے کہا کہ تخلیق وقت مانگتی ہے، کورونا کی وجہ سے اپنے نئے گانے تخلیق کرنے کا وقت ملا اور ’غم عاشقی تیرا شکریہ‘ اسی وقت میں بنایا۔

راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ یہ گیت میرے مداحوں کے لیے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔

علاوہ ازیں استادِ راحت فتح علی خان سو سے زیادہ پاکستانی اور بالی ووڈ فلموں کے لیے گیت گا چکے ہیں۔ ان کی آواز میں ڈراموں کے OST نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔

تازہ ترین