• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں کی بندش میں گوگل کے مفت کورسز کریں

گوگل صرف ایک سرچ انجن ہی نہیں، حالیہ برسوں میں گوگل نے Google Digital Garage کے نام سے ایک ایسا پلیٹ فارم بھی متعارف کروایا ہے، جہاںانٹرنیٹ استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین اپنی دلچسپی کے ہزاروں کورسز میں مفت اِنرول ہوکر بلامعاوضہ سرٹیفکیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔

اس وقت کورونا وائرس کی وبا نے لاکھوں افراد کو گھروں تک محدود کررکھا ہے، اگر آپ کا شمار بھی ان لاکھوں افراد میں ہوتا ہے تو آپ اس موقع سے فائدہ اٹھاکر گھر بیٹھے گوگل گیرایج سے کئی مفت کورسز کرسکتے ہیں۔ 

بس اس کے لیے آپ کے پاس انٹرنیٹ کنکشن اور ساتھ میں اسمارٹ فون، ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر ہونا چاہیے۔ تو پھر دیر کس چیز کی ہے، گوگل گیرایج کے پیج پر جائیں، وہاں اپنی دلچسپی کے کورس میں انرول ہوں اور اپنی مرضی کے مطابق، جس وقت فراغت ہو، لیکچر سنیں اور اختتام پر سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ گوگل کے ان بلامعاوضہ آن لائن کورسز سے بچے، ٹین ایجرز، کالج گریجویٹس اور پروفیشنلز، سب ہی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔

فنڈامینٹلز آف ڈیجیٹل مارکیٹنگ

میرا خیال ہے کہ یہ اس وقت گوگل کا سب سے ’اِن ڈیمانڈ‘ کورس ہے کیونکہ کورونا وائرس کے بعد دنیا میں ای کامرس نے پہلے سے زیادہ تیزی سے زور پکڑا ہے۔ ایسے میں وہی لوگ کامیاب ہوسکتے ہیں، جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے بنیادی اصولوں سے واقف ہوں۔ گوگل کا یہ کورس مجموعی طور پر 26ماڈیولز کے ساتھ 40گھنٹے کے لیکچرز پر مشتمل ہے، جہاں ہر ماڈیول کے اختتام پر آپ کو آن لائن کوئز دینا پڑتا ہے۔ ہر ماڈیول کا کوئز پاس کیے بغیر آپ اگلے ماڈیول میں داخل نہیں ہوسکتے۔ کورس کے اختتام پر آپ کو گوگل کی جانب سے مفت سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔

اگر آپ انٹرپرینیور ہیں یا انٹرپرینیور بننا چاہتے ہیں تو گوگل اس سلسلے میں بھی ان مفت کورسز کے ذریعے آپ کی رہنمائی کرتا ہے۔ پروڈکٹ کیسے بنائی جائے، اسٹارٹ اَپ کیسے شروع کیاجائے یا ایپ مارکیٹنگ کیسے کرنی ہے، گوگل آپ کی ہر مرحلے پر رہنمائی کرے گا۔

اسٹارٹ اَپ شروع کرنے کا طریقہ

اگر آج کے باصلاحیت، خودمختار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں سے پوچھا جائے کہ ان کا پسندیدہ شعبہ کون سا ہے توبہت سوں کا جواب یقیناً ’اسٹارٹ اَپ‘ ہی ہوگا۔ اگر آپ کا آئیڈیا جاندار ہے، لوگوں کی زندگیوں سے متعلق ہے اور ان کی زندگیوں میں کوئی فرق لاسکتا ہے تو اسٹارٹ اَپ کے ذریعے آپ مختصر سے عرصے میں اپنی قسمت اور مستقبل کے خود مالک بن سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اگر آپ کو مزید کسی رہنمائی کی ضرورت ہے تو گوگل آپ کے لیے حاضر ہے۔

گوگل کا یہ مفت آن لائن کورس آپ کو اسٹارٹ اَپ شروع کرنے کا مجموعی جائزہ پیش کرے گا۔ اس میں آپ مشن اور ویژن اسٹیٹمنٹ تحریر کریں گے، آپ کو یہ سِکھایا جائے گا کہ آپ کس طرح مینٹور اور ٹیم ممبر تلاش کرسکتے ہیں، اپنے اسٹارٹ اَپ کے لیے فنانسنگ کس طرح حاصل کرسکتے ہیں اور آپ کو پچ ڈیسک(Pitch Desk)کس طرح بنانی ہے، جہاں آپ کسٹمرز یا VCsکو آن بورڈ لیں گے۔یہ کورس آپ تین ہفتوں میں مکمل کرسکتے ہیں۔

ایپ مونیٹائزیشن

گوگل کا یہ مفت آن لائن کورس، ایپ ڈویلپمنٹ اور فری آن لائن کونٹینٹ (Content) سے متعلق ہے۔ اگر آپ کوئی ایپ بنانا چاہتے ہیں یا فری آن لائن کونٹینٹ بناکر اس سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو یہ کورس آپ کو اس شعبے میں بنیادی تربیت اور مہارت فراہم کرنے کا بہترین موقع دے گا۔ یہ کورس آپ ایک ماہ میں مکمل کرسکتے ہیں۔

ایپ مارکیٹنگ کیا ہے؟

ایپ مارکیٹنگ ایک اور اُبھرتا ہوا شعبہ ہے، جسے انٹرپرینیورز انتہائی پُرکشش سمجھتے ہیں۔ گوگل ایپ مارکیٹنگ کا یہ کورس بھی بلامعاوضہ پیش کرتا ہے۔ اگر آپ ایپ ڈویلپر ہیں، اپنی ایپ لانچ کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں آپ کو رہنمائی درکار ہے تو گوگل کا یہ آن لائن کورس آپ کے لیے بالکل مفت دستیاب ہے۔ صرف ایپ ڈویلپر ہی نہیں بلکہ یہ کورس ان تمام انٹرپرینیورز کے لیے بھی مفید ہے، جو آن لائن مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ یہ کورس آپ دو ہفتوں میں مکمل کرسکتے ہیں۔

پراڈکٹ ڈیزائن

کیا آپ کے دماغ میں کسی پروڈکٹ کا زبردست آئیڈیا ہے؟ کیا آپ اس پروڈکٹ کو دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں؟ اگر آپ کا جواب ’ہاں‘ میں ہے تو پھر یہ کورس آپ ہی کے لیے ہے۔ گوگل اس مفت آن لائن کورس کے ذریعے آپ کو اپنے آئیڈیا کو مزید بہتر بنانے، ایک موک اَپ (Mockup) تیار کرنے اور اسے جلد از جلد ڈیزائن کرنے میں مدد دینے کے علاوہ آپ کا ممکنہ صارفین کے ساتھ رابطہ قائم کروائے گا۔ اس تمام مشق سے آپ یہ اندازہ کرسکیں گے کہ مارکیٹ میں آنے کے بعد آپ کی پروڈکٹ اپنے لیے جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکے گی یا نہیں۔ اس کورس کے ذریعے آپ اپنی پروڈکٹ کی ناکامی کے امکانات کو محدود کرسکتے ہیں۔

نیٹ ورکنگ

یہ کورس Grow with Google کے انٹری لیول نصاب کا حصہ ہے، اس لیے اگر آپ ماہر نیٹ ورکنگ اور لنکڈ اِن صارف ہیں تو یہ کورس آپ کے لیے نہیں ہے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو اپنا لنکڈاِن پروفائل مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ساتھ ہی نیٹ ورکنگ کے پروگراموں میں آپ کو بہتر اور مزید مؤثر بننے کی ضرورت ہے، تو یہ کورس آپ کے لیے بہت مفید رہے گا۔

یہ کورس آپ ایک ہی کلاس میں مکمل کرسکتے ہیں، اس لیے ضرور اپلائی کریں۔ اس کورس کے ذریعے آپ کو یہ بھی سِکھایا جاتا ہے کہ آپ کس طرح کسی شخص کو ای میل کریں کہ آپ کو اس کا یقینی جواب موصول ہو۔

تازہ ترین