• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 7، 8 اگست کو پہلے سے زیادہ بارشیں برسنے کا امکان


محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں 7 اور 8 اگست کو پہلے سے زیادہ بارشیں برس سکتی ہیں، جس کے سبب شہر سمیت زیریں سندھ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہوسکتا ہے ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رن آف کچھ اور خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم یکجا ہوکر 6 اگست کو سندھ میں داخل ہوگا اور بارش کے ساتھ سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

ذرائع موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں کم ہوا کے دو مختلف دباؤ بن رہے ہیں اور یہ دونوں سسٹم گجرات کے قریب ملنے کے بعد سندھ میں داخل ہوجائیں گے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم  6 اگست سےسندھ کے ساحلی علاقوں پر اثرانداز ہوسکتا ہیں، اس سسٹم نے اپنے امکان کو حقیقت میں بدلا تو کراچی سمیت زیریں سندھ میں بارش بھی ہوسکتی ہے اور اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے یہ پیش گوئی بھی کی ہے کہ حالیہ مون سون کے دوران پہلے سے زائد بارشیں ہوسکتی ہیں۔

تازہ ترین