وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کی ایک مرتبہ پھر نصف سنچری مکمل ہوگئی جبکہ اس میں شامل غیر منتخب اراکین کی تعداد 18 ہے۔
جیو نیوز کو دستیاب تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق اپنے فوکل پرسن اور شوکت خانم اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فیصل سلطان کو معاون خصوصی تقرری کی منظوری دے دی گئی۔
اس تقرری کے بعد وفاقی کابینہ کی تعداد بڑھ کر 50 ہوگئی ہے۔
چند روز پہلے وزارتِ صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر مستعفی ہوگئے تھے۔
کابینہ ڈویژن حکام کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی نصف سنچری مکمل کرنے والے کابینہ میں غیر منتخب شخصیات کی تعداد بڑھ کر 18 ہوگئی۔
وفاقی وزراء کی تعداد 27 ہے جبکہ 4 وزراء مملکت بھی اس میں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق وزیرِاعظم کی کابینہ میں 5 مشیر اور معاونینِ خصوصی کی تعداد بڑھ کر 14 ہوگئی ہے۔
وزیرِاعظم کی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق معاونِ خصوصی تانیہ ایدروس کے مستعفی ہونے کے بعد اس عہدے پر ابھی تک وزیرِ اعظم نے نئی تقرری کا اعلان نہیں کیا۔