سکھر(بیورو رپورٹ)ایوان صنعت وتجارت سکھر کے صدر عامر علی خان غوری نے گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیپکو کی جانب سے شہر کے اکثریتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر 10سے12گھنٹے کردیا گیا ہے جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں خاص طور پر صنعت کار اور چھوٹے کارخانہ دار مالی بحران میں مبتلا ہونے کے ساتھ ساتھ وہاں روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والے سینکڑوں مزدور مشکلات سے دوچار ہیں،ابھی گرمیوں کی آمد ہے تو بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے،،مختلف علاقوں میں 4سے6گھنٹے تک بجلی بند ہونے کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، سیپکو کی جانب سے 6گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری ہونے کے باوجود 10سے12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کر کے صنعت کاروں،تاجروں اور عوام کو پریشان کیا جارہا ہے، وہ اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے صنعت کاروں، تاجروں کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔