• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنمنٹ کالج کالی موری حیدر آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) حیدر آباد میں یونیورسٹی قائم کرنے کا متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کا دیرینہ مطالبہ بالآخر پورا ہو گیا ہے ۔ سندھ اسمبلی نے منگل کو ایک قرار داد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے ، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گورنمنٹ کالج کالی موری حیدر آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے ۔ منگل کو پرائیویٹ ممبرز ڈے تھا ۔ پرائیویٹ قرار داد ایم کیو ایم کے رکن انجینئر صابر حسین قائم خانی نے پیش کی ۔ حکومت نے اس قرار داد کی حمایت کی ۔ قرار داد میں کہا گیا کہ گورنمنٹ کالج کالی موری حیدر آباد اپنے قیام اور بہترین کارکردگی کے 100 سال مکمل کر رہا ہے ۔ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ اس کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے ، جیسا کہ پاکستان کے دیگر شہروں میں کیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی کا درجہ دینے کے بعد اسے تمام ضروری سہولتیں فوراً مہیا کی جائیں ۔ قرار داد کے محرک ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر اور دیگر ارکان نے قرار داد پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد میں اس وقت کوئی یونیورسٹی نہیں ہے ۔ مذکورہ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے کر اس شہر کی ضرورت کو پورا کیا جائے ۔ سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کی یونیورسٹیز ضروری ہیں ۔ مذکورہ کالج کی صد سالہ تقریبات 2017 میں ہوں گی ۔ اس کالج کی قدیم بلڈنگ کو اصل صورت میں بحال کرنے کے لیے کام ہو رہا ہے ۔ ہم اسے ڈگری دینے والے ادارے میں تبدیل کرنے کی تجویز پر غور کر رہے تھے ۔ اسے یونیورسٹی کا درجہ بھی دیا جا سکتا ہے ۔ وزیر ماحولیات ڈاکٹر سکندر میندھرو نے تجویز دی کہ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے سندھ اسمبلی بل منظور کرے ۔ 
تازہ ترین