آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور میں جنرل ریٹائرڈ راحیل شریفسمیت سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران سے ملاقات کی، دوران ملاقات پیشہ ورانہ امور، خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کا دورہ کیا، آرمی چیف نے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران سے ملاقات کی، کور ہیڈکوارٹرز لاہور میں ہونے والی ملاقات میں پیشہ وانہ امور ، خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور امن و استحکام سے فائدہ اٹھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران میسر مواقع اور چیلنجز کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے اپنی تجاویز دیں اور مشاورت کے لیے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف سے ملاقات کرنے والوں میں جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف، جنرل ریٹائرڈ جہانگیر کرامت، جنرل ریٹائرد احسن سلیم حیات، جنرل ریٹائرڈ طارق مجید اور جنرل ریٹائرد راشد محمود شامل تھے۔
کور ہیڈ کوارٹرز آمد پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔