وزارتِ منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون منصوبے کے ذریعے 1733 کلومیٹر طویل ریلوے نیٹ ورک کو جدید بنایا جائے گا، 6 ارب 80 کروڑ ڈالر کے اس منصوبے کو منظوری کے لیے کل ایکنک میں پیش کیا جائے گا۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق ایم ایل ون ریلوے منصوبے کی تکمیل کے بعد مسافر ٹرینیں 160 کلومیٹر جبکہ مال بردار گاڑیاں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
اس ریلوے منصوبے پر 672 ارب روپے کا مقامی میٹریل استعمال اور افرادی قوت استعمال ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق 25 ارب روپے مالیت کے یو ایس ایڈ پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کے پہلے فیز کی بھی ایکنک سے منظوری لی جائے گی۔
منصوبے کے تحت دس ہزار طلبا کو امریکہ سے پی ایچ ڈی کرانے سمیت امریکہ اور پاکستانی یونیورسٹیز کے درمیان سائنس کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دیا جائے گا۔
ایکنک کے اجلاس میں 11 ارب روپے مالیت کا پاکستان سنگل ونڈو منصوبہ بھی منظوری کے لیے پیش ہوگا۔
اس منصوبے کے تحت سرحد پار تجارت کے لیے درکار پیر لیس پروسیسنگ میں مدد ملے گی۔