لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستانی حکومت نے برطانیہ کو کہا ہے کہ شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کو پاکستان کے حوالے کیا جائے تاکہ ان پر قائم مقدمے کی تفتیش ہوسکے۔ برطانوی حکام نے پاکستانی حکام کی طرف سے برطانوی محکمہ سینٹرل اتھارٹیز انٹرنیشنل کرمنیٹلی یونٹ ہوم آف کی تصدیق کی ہے، وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر اس سلسلے میں تبصرے کے لئے موجود نہیں تھے مگر یہ طے ہے کہ ان کی ہدایت پر ملزم کی تحویل کے لئے خط لکھا گیا ہے۔ ایک ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران علی یوسف کو باہمی تبادلہ تحویل برائے ملزمان کے تحت درخواست دی ہے۔ باہمی معاہدے کا مطلب ہے کہ اگر کوئی برٹش پاکستانی کسی سنگین جرم میں برطانیہ سے فرار ہوکر پاکستان چلا جائے تو اسے باہمی ملزمان کی تحویل کے معاہدے کے تحت واپس کیا جاسکتا ہے، تاہم یہ کو ئی پہلی کوشش نہیں ہے، اس سے قبل حکومت پاکستان نے حسن نواز اور حسین نواز کو حوالے کرنے کی درخواست کی تھی مگر برطانوی حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اسی طرح پاکستانی حکومت نے اسحاق ڈار کو حوالے کرنے کےلئے بھی درخواست دی تھی مگر اس میں کوئی بھی کارروائی نہیں ہوئی۔