مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حل تک اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوال رہیں گے۔
میاں محمد شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی تنازعہ جموں و کشمیر پر قرار دادوں پر عملدرآمد کروائے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوج کا انخلاء کرواکے اقوام متحدہ اپنی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے منعقد کرایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو ان کا جمہوری، قانونی اور اخلاقی حق نہ دینا دنیا میں جنگوں کی حوصلہ افزائی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
میاں محمد شہباز شریف نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ او آئی سی کا اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا جائے، 5 اگست عالمی ضمیراور اقوام متحدہ کی ساکھ کے مجروح ہونے کا دن ہے، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مودی کا ظلم کشمیریوں کی آزادی کا سورج طلوع ہونے سے نہیں روک سکتا، بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری نوجوانوں اور کم سن بچوں کو بھارتی عقوبت خانوں میں مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔