• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیکون ویلی کے ٹاپ ایگزیکٹوز کی صحت کا راز

جب بات کھانے، سونے اور آرام کرنے کی آتی ہے تو سلیکون ویلی کے ارب پتی انٹرپرینیورز میں کچھ حیران کن اور عجیب و غریب عادتیں پائی جاتی ہیں۔ ٹیسلا کے اَیلن مسک، فیس بک کے مارک زکربرگ اور ایمازون کے جیف بیزوس نے اپنے لیے ایسا لائف اسٹائل ترتیب دیا ہوا ہے، جو انھیں ملٹی بلین ڈالر کاروبار سنبھالنےکے ساتھ صحت مند جسم اور ذہن برقرار رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

جیک ڈورسی

ٹوئٹر کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی اپنے عجیب و غریب لائف اسٹائل اور عادتوں کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔ وہ 24گھنٹے میں صرف ایک بار کھانا کھاتے ہیں، جبکہ ’وِیک اینڈ‘ پر کھانے سے بالکل پرہیز کرتے ہوئے اتوار کی شام میں کسی وقت جاکر کھانا کھاتے ہیں۔ ماہرین ان کی اس عادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہتے ہیں کہ ٹوئٹر کے سی ای او کھانے پینے میں بے ضابطگی کو فروغ دے رہے ہیں۔

دن کا آغاز: جیک ڈورسی صبح 5بجے اُٹھ کر مراقبہ کرتے ہیں۔ اس کے بعد ’سالٹ جوس‘ ڈِرنک لیتے ہیں، جو پانی، ہمالیائی نمک اور لیموں پر مشتمل ہوتا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ ڈِرنک ٹوئٹر کے دنیا بھر میں قائم دفاتر میں موجود ہوتا ہے۔ مزید برآں، اپنی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وہ وٹامن سپلیمنٹ بھی لیتے ہیں۔ ’’میں روزانہ ملٹی وٹامن اور بہت سارا وٹامن سی لیتا ہوں‘‘، وہ بتاتے ہیں۔

آئس باتھ اور سوانا: جیک ڈورسی تقریباً 2016ء سے ہر شام کو 15منٹ سوانا باتھ لینے کے بعد خود کو آئس باتھ میں منتقل کردیتے ہیں، جہاں وہ 3منٹ گزارتے ہیں۔ وہ یہ مشق تین بار دُہراتے ہیں، اس مشق کو وہ آخر میں ایک منٹ کے آئس باتھ کے ساتھ ختم کرتے ہیں۔

’سیون ایپ‘ کا استعمال: جیک ڈورسی نے کسی پرسنل ٹرینر کی خدمات حاصل نہیں کی ہوئیں اور نہ ہی وہ جِم جاتے ہیں۔ اس کے بجائے وہ اپنی بائیک پر سات منٹ دورانیہ کی بھرپور ورزش کرتے ہیں، جس کے لیے وہ ’سیون‘ نامی ایپ کی مدد لیتے ہیں۔

اَیلن مسک

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای اواَیلن مسک 6گھنٹے نیند لینے کے بعد صبح 7بجے اُٹھتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ رات ایک بجے سوجاتے ہیں۔ 2018ء میں مسک نے امریکی اخبار کو بتایا تھا کہ کبھی کبھی وہ نیند آور گولی استعمال کرتے ہیں، کیونکہ چند مواقع پر انھیں رات بھر جاگنے اور گولی لینے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ 

عموماً وہ ناشتہ جانے دیتے ہیں جبکہ کبھی کبھی آملیٹ اور کافی لینا پسند کرتے ہیں۔ ایک بین الاقوامی برانڈ کا ’ڈائٹ‘ سوفٹ ڈرنک ان کا پسندیدہ مشروب ہے، جس کے وہ ایک دن میں اکثر 8کین پی جاتے ہیں، تاہم اب وہ اس میں کمی لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

بل گیٹس کی طرح، ایلن مسک بھی اپنے ٹائم ٹیبل کو پانچ منٹ کے دورانیہ میں تقسیم کرتے ہیں۔ ’فائیو-منٹ سلاٹ‘ پر عمل پیرا ہوکر وہ اپنے وقت کا مؤثر استعمال کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

ورک آؤٹ شیڈول:وہ جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لیے ہفتے میں دو دن جم جاتے ہیں، جبکہ تھکاوٹ کو دور کرنے کے لیے ’اوورواچ‘ ویڈیو گیم کھیلتے ہیں۔

ٹِم کوک

ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹِم کوک صبح 4بجے اُٹھتے ہیں اور اُٹھنے کے بعد وہ پہلا گھنٹہ ایپل پراڈکٹس سے متعلق صارفین کے جائزے اور ای میلز پڑھنے میں گزارتے ہیں۔ وہ 7گھنٹے نیند لیتے ہیں، جس کے لیے وہ رات 8:45پر اپنے بیڈ پر ہوتے ہیں۔

ورک آؤٹ شیدول:ٹم کوک جم کے شیدائی ہیں اور روزانہ صبح 5بجے وہ اپنے ذاتی جم جاکر ورزش میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ انھیں آؤٹ ڈور سرگرمیاں جیسے ہائیکنگ اور سائیکلنگ بھی بہت پسند ہیں۔

مارک زکربرگ

فیس بک کے سی ای او صبح 8بجے اُٹھتے ہیں اور ان کا سب سے پہلا کام اپنا فون چیک کرنا ہوتا ہے۔ وہ صبح اُٹھنے کے لیے الارم کلاک استعمال نہیں کرتے، اس کے بجائے مارک زکربرگ اور ان کی بیوی نے اپنے بیڈ روم میں ایک باکس رکھا ہوا ہے، جو صبح 6 سے 7بجے کے درمیان ہلکی سی روشنی خارج کرنا شروع کردیتا ہے، جس سے انھیں پتہ چل جاتا ہے کہ اب بسترسے نکلنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

ورک آؤٹ شیڈول:فیس بک پر Q&Aسیشن میں آرنلڈ شیوازنیگر کی جانب سے سوشل میڈیا نیٹ ورک کے کم عمر ترین چیف ایگزیکٹو سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ہفتے میں کم از کم تین بار جم جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ صبح کے وقت کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانے کے لیے وہ ڈیزائنر کپڑوں کی کھپ میں نہیں پڑتے اور تقریباً روزانہ وہی جینز، اسنیکر اور سرمئی (گرے) ٹی شرٹ پہنے رکھتے ہیں۔ 

زکربرگ نے 2014ء میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا، ’’میں اپنی زندگی کو ہر ممکن حد تک سادہ اور غیر پیچیدہ رکھنا چاہتا ہوں تاکہ مجھےزندگی میں کم سےکم فیصلے لینے پڑیں، ماسوائے اس کے کہ مجھے کس طرح اپنی کمیونٹی کی بہترسے بہتر خدمت کرنی ہے‘‘۔ انٹرویو میں انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کے پاس ایک ہی ڈیزائن اور رنگ کی کئی ٹی شرٹس ہیں۔

بِل گیٹس

مائیکروسوفٹ کے بانی بِل گیٹس چیز برگر کھانا پسند کرتے ہیں۔ ان کی بیوی ملینڈا کے مطابق، بل گیٹس اکثر ناشتہ نہیں کرتے، تاہم ان کا پسندیدہ ناشتہ چاکلیٹ کے ذائقے والا پف سیریل ہے۔ 

بل گیٹس، ٹینس کھیلنا پسند کرتے ہیں جبکہ وہ اسکیئنگ بھی کرتے ہیں۔ 2001ء میں انہوں نے ایمازون کے جیف بیزوس کے خلاف چیریٹی ڈبلز میچ کھیلا تھا، جو بل گیٹس کی ٹیم نے جیت لیا تھا۔ بیزوس کی طرح، بل گیٹس بھی دن کے اختتام پر برتن دھوکر رکھنا پسند کرتے ہیں۔ وہ 7گھنٹے نیند لیتے ہیں۔

تازہ ترین