• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں سے فرار اختیار کر گیا، شاہ محمود

بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں سے فرار اختیار کر گیا، شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بھارت کا موقف رہا ہے کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں سے بھارت فرار اختیار کرگیا ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ پاکستان کا موقف ہے کشمیر متنازع علاقہ ہے، اس مسئلے پر سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، 55سال مسئلہ کشمیر کھٹائی میں رہا اب 3 بار سلامتی کونسل میں زیربحث آیا ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو بھارتی اقدامات شملہ معاہدے اور دیگر معاہدوں کی روح کی نفی ہے، بھارت کسی سطح پر بات نہیں کرنا چاہتا، وہ خطے کا امن داؤ پر لگا رہا ہے۔

وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی سلوک بڑھتا جارہا ہے اس پر تشویش ہے،انہوں نے بتایا کہ میں نے سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا جو 72 گھنٹوں کے اندر ایجنڈے پر آیا اور اس پر 5 اگست کو بحث بھی ہوگئی۔

ان کاکہنا تھا کہ 5 اگست کو بھارت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج ہورہا تھا اور اس دن سلامتی کونسل میں بحث بھی ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چین بہت تحمل اور بردباری سے مسائل کو دیکھ رہا ہے، لداخ میں چین نے بھرپور کوشش کی کہ مذاکرات سے معاملات سلجھ جائیں مگر بھارت نہیں مانا تو پھر دنیا نے دیکھا کہ بھارت کو شرمندگی ہوئی، بھاگنا پڑا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ چین صورتحال جانتا ہے اور سمجھتا ہے کہ کونسی قوتیں ہیں جو سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، ان کاکہنا تھا کہ میں جلد چین جاؤں گا اور وہاں حکام سے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کروں گا۔

تازہ ترین