• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس آخری حد تک لڑیں گے، اکبر ایس بابر

پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کے کیس کو آخری حد تک لڑیں گے چاہے سپریم کورٹ جانا پڑے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں اسکروٹنی کمیٹی کے 70 سے زائد اجلاس ہوچکے ہیں، تحریک انصاف نے آج تک بیرون ممالک میں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات نہیں دیں۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بیرون ممالک میں چھ بینک اکاؤنٹس تسلیم کیے لیکن تفصیلات نہیں دیں، 17 اگست کو اسکروٹنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروانی ہے۔

بانی رکن پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے بینک اکاؤنٹس کی اسکروٹنی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، بیرون ممالک سے تحریک انصاف کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ابھی تک نہیں منگوائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان احتساب کے عمل میں سنجیدہ ہوتے تو پہلے اپنا اور پارٹی کا احتساب کرتے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس کو آخری حد تک لڑیں گے، چاہے اس کے لیے سپریم کورٹ تک جانا  پڑے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے جتنا کام کیا ہے 17 اگست تک رپورٹ جمع کروائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی کو کسی صورت مزید وقت دینے کی حمایت نہیں کریں گے۔

تازہ ترین