اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کے معتمد خاص وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات ونجکاری سینیٹر محمد اسحاق ڈار حکومتی معاملات کی دیکھ بھال کریں گے، وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بطور طبی معائنہ لندن میں کم وبیش ایک ہفتہ قیام کے دوران کے عرصے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کو سارے حکومتی معاملات اور ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ وزارت خزانہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم نواز شریف کے حکم پر منگل کی شب ایک ہفتے کیلئے واشنگٹن روانگی کا پروگرام منسوخ کردیا ہے جہاں وہ 14 سے 17 اپریل تک عالمی بینک آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کرنے والے تھے اب چونکہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم کی ہدایت پر واشنگٹن جانے کا پروگرام ختم کردیا ہے انہوں نے وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود وفاقی سیکرٹری طارق باجوہ گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا کو ورلڈ بینک آئی ایم ایف کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے جانے کی ہدایت کی ہے یہ وفد واشنگٹن سے ہر ضروری معاملے پر سینیٹر اسحاق ڈار سے ہدایات لیا کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف جو آج دوپہر لاہور سے بغرض طبی معائنہ لندن پرواز کرنے والے ہیں کم بیش ایک ہفتے بعد وطن لوٹ آئیں گے جس کے بعد تمام حکومتی امور وزیراعظم نواز شریف خود طے کرنا شروع کردیں گے۔ اس ایک ہفتے کیلئے شیڈول وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ایوان وزیراعظم کے اہم اجلاس کی صدارت 13 سے 20 اپریل تک ان کے قابل اعتماد وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات نجکاری سینیٹر اسحاق ڈار وزیراعظم کے احکامات کے عین مطابق لیا کریں گے جبکہ باقی وزیراعظم نواز شریف کی ذمہ داریوں حکومتی معاملات کو اسحاق ڈار کیو بلاک وزارت خزانہ کے اپنے چیمبر یا کمیٹی روم میں بیٹھ کر نمٹایا کریں گے۔ وزارت خزانہ کے ایک اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ واشنگٹن کا دورہ انہوں نے خود منسوخ نہیں کیا یہ دورہ وزیراعظم کے حکم پر منسوخ کیا گیا ہے جنہوں نے اپنی عدم موجودگی میں سینیٹر اسحاق ڈار کو حکومتی معاملات اور اہم معاملات نمٹانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔