• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ حملہ کالے کوٹ پر نہیں،پاکستان پرتھا،لاہور ہائیکورٹ بار

لاہور(خبرنگارخصوصی)صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری طاہر نصر اللہ وڑائچ ، بیرسٹر چوہدری سعید حسین ناگرہ نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، بیرسٹر ہارون دوگل سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور ذیشان غنی سلہریا فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحہ کوئٹہ کی برسی کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کوئٹہ حملہ کالے کوٹ پر نہیں بلکہ بلوچستان اور پاکستان پر حملہ تھا جسے ہم کبھی فراموش نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری اپنے بھائیوں کی شہادت پر ہمت نہیں ہاری بلکہ وکلاء نے ہمیشہ وطن عزیز کیلئے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی قربانیاں دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں صدر کوئٹہ بار بلال احمد کاسی کے ساتھ درجنوں وکلاء اور سول سوسائٹی کے لوگ شہید ہوئے جس پر آج بھی پاکستان بھر کے وکلاء سوگوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے آگے کبھی ہتھیار نہ ڈالیں گے بلکہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ملک و قوم کی خاطر مردانہ وار مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے اس موقع پر حکومت پاکستان اور حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کوئٹہ حملہ میں شہید ہونیوالے وکلاء و دیگر افراد کے لواحقین اور بچوں کے مستقبل و تعلیم کیلئے مناسب ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے تاکہ وہ باعزت طور پر ملک و قوم کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔
تازہ ترین