لاہور(خبر نگار) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شريف عمران خان کو نہيں عوام کو جواب دےہيں آف شوز کمپنيوں کي حمايت ميں تو کپتان خود عدالت ميں بيان ريکارڈ کرواچکے ہيں ،گذشتہ روز پنجاب یو نیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاحسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نواز شريف فوبيا ميں مبتلا نہ ہوں اور کے پي کےحکومت پر توجہ ديں۔ قبل ازیں احسن اقبال نے پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں طلباء و طالبات سے خطاب بھی کیا ۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، ڈینز، صدور شعبہ جات، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں انہیں اچھی تعلیم دیں گے تو ہماری یہ نسل ملک کو آگے لے جانے کے لئے سب سے بڑی ڈرائیونگ فورس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں طلباء وطالبات میں مہارت پیدا کریں، عالمی معیار کی تحقیق کریں اور ریسرچ کے ساتھ صنعتوں کے ساتھ روابط کو فروغ دیں۔ سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور معاشرے سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اکیڈیمک ماحول میں بہتری آئی ہے۔ اور امید ہے پنجاب یونیورسٹی ان معاملات میں لیڈ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 48 ارب تھا جو بڑھا کر 78 ارب کر دیا گیا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ سال 2014-15 میں پنجاب یونیورسٹی کے مختلف منصوبوں کے لئے 84 کروڑ روپے دئیے گئے تھے جس سے مختلف عمارتیں اور لیبارٹریاں قائم ہو رہی ہیں اور اب پنجاب یونیورسٹی کو ماحولیات اور توانائی کے ایک منصوبے پرایک ارب روپے مل جائیں گے۔ قبل ازیں پروفیسر احسن اقبال نے نیو کیمپس میں حال ہی میں تعمیر کی گئی کلسٹر سنٹر کی عمارت کا افتتاح کیا اور سنٹر فار کول ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔