• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک سفیر کی شہباز شریف سے ملاقات، صحتیابی پر مبارکباد


مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفٰی یرداکل نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور کہا کہ ترکی امت اسلامیہ کا اہم ملک اور پاکستان کو بھائیوں کی طرح عزیز ہے۔

انھوں نے کہا کہ صدر اردوان نے پاکستان اور پنجاب میں ترقی، عوام کی بہتری کیلئے منصوبوں میں قابل قدر تعاون کیا۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی امت کے مفادات، اتحاد اور مضبوطی کے لئے دو اہم شراکت دار ہیں۔ امت مسلمہ کا اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام اور امت کے دشمن چاہتے ہیں کہ اسلامی دنیا باہمی انتشار اور تنازعات میں الجھ جائے۔ صدر اردوان نے اپنے اقدامات، اصلاحات اور انتظامات سے ترکی کو نیا چہرہ دیا ہے۔

اس موقع پر ترک سفیر نے قائدحزب اختلاف شہباز شریف کو صحت یاب ہونے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان ترکوں کا دوسرا گھر ہے، پاکستان اور ترکی دو دل ایک دھڑکن کی طرح ہیں۔

ترک سفیر نے وزیراعلیٰ کے طور پر پنجاب میں تعمیر و ترقی کا سفر تیز کرنے پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے باہمی تعاون کو سراہتا ہوں، ترک سفیر نے شہباز شریف کےساتھ دو طرفہ اور باہمی دلچپسی کے امور پر  بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

تازہ ترین