پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد کرنے پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری پر وکیل کی عدم موجودگی میں فردجرم عائد کی گئی، عدالت کو دو تین دن کی مہلت دینی چاہیے تھی۔
فاروق ایچ نائیک ایڈوکیٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آصف زرداری سے مشورے کے بعد اسے چیلنج کرنے کا فیصلہ کریں گے، حکمرانوں کی ذمہ داری ہےقانون سازی میں اپوزیشن کو ساتھ لے کرچلیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون میں بڑے سقم ہیں ، قانون سازی انتہائی اہم ہے، صوبوں کے تمام معاملات مشترکہ مفادات کونسل میں حل ہونے چاہییں ،
سی سی آئی میں صوبوں کے معاملات افہام و تفہیم سے طے کرنے سے ملک کو فائدہ ہوگا۔
فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی صحت پہلے سے بہتر ہے، زرداری دل کے مریض بھی ہیں 65 سال کی عمر میں جسم میں مدافعت بھی کم ہوجاتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کی صحت عدالت میں پیش ہونے کی اجازت نہیں دیتی ،کورونا کے پیش نظر عدالتوں میں آنے والے احتیاط نہیں کرتے، سماجی فاصلہ بھی نہیں ہے۔