• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبا اور بلال کا گانا ’قبول‘ ریلیز کردیا گیا

پاکستان شوبز انڈسٹری میں اداکاری میں نام کما کر ہدایتکاری کے میدان میں قدم جمانے والی صبا قمر کی ہدایت میں بنایا گیا گلوکار بلال سعید کا گانا ریلیز کردیا گیا ہے۔

اداکارہ صبا قمر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ گانا اُن کے دل کے بے حد قریب ہے کیونکہ یہ ہدایت کاری کے میدان میں ڈیبیو ویڈیو ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’قبول‘ اُن کی پہلی میوزک ویڈیو ہے جس میں انہوں نے بطور لکھاری اور اداکارہ بھی کام کیا ہے۔

صبا قمر نے اپنے پیغام میں ’قبول‘ کی ویڈیو میں شامل کرنے پر بلال سعید کا شکریہ بھی ادا کیا۔

’قبول‘ کی 04 منٹ کی ویڈیو میں صبا قمر اور بلال سعید نے ہی پرفارم کیا ہے، گانے کے لکھاری، کمپوزر اور پروڈیوسر بھی بلال سعید خود ہی ہیں۔

بلال نے ون ٹو ریکارڈز کے تحت اپان نیا گانا جاری کیا۔

یاد رہے کہ اس گانے کی ویڈیو کی عکسبندی کے دوران ایک سین کو تاریخی وزیر خان مسجد میں فلمایا گیا جس پر دونوں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

حالیہ دنوں میں اداکارہ صبا قمر کی مسجد کے محراب میں بنائی گئی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی اور اداکارہ کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گانے کی ویڈیو کی عکسبندی جس میں رقص بھی شامل تھا، کی ویڈیو نے ایک تنازع کی صورت اختیار کرلی تھی، اس تنازعے میں شوبز کی ان دونوں شخصیات کے علاوہ بہت سے لوگ متاثر ہوئے۔

تازہ ترین