• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


گلوکار بلال سعید نے اپنے نئے گانے ’قبول‘ کی ویڈیو کیلئے مسجد وزیر خان میں فلمائے گئے رقص کے مناظر پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد اسے گانے کی ویڈیو میں شامل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ پچھلے کچھ دنوں میں جو کچھ ہوا ہے اس سے آپ کے جذبات کو گہری چوٹ پہنچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت مسلمان ، مہذب انسان اور فنکار کی حیثیت سے ، کبھی بھی اسلام یا کسی دوسرے مذہب، نسل، ذات، رنگ یا مسلک کی توہین اور رسوائی نہیں کریں گے۔

بلال سعید نے ویڈیو بیان میں کہا کہ مسجد میں نکاح کے مناظر فلمائے گئے تھے لیکن غلط فہمی کی بنا پر سمجھا گیا کہ ہم نے مسجد میں موسیقی چلائی اور اس پر رقص کرکے اس کے تقدس کو پامال کیا۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میں بھی مسلمان ہوں اور میری تربیت ایک مسلمان گھرانے میں ہوئی ہے میں ایسی کام کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

گلوکار نے صبا قمر اور ٹیم کی جانب سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے انجانے میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے تو ہم دل سے آپ سے معافی مانگتے ہیں۔

ویڈیو بیان میں گلوکار نے یہ بھی کہا کہ ’خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ ہم نے مسجد میں موسیقی نہیں چلائی اور نہ ہی وہاں رقص کیا۔ وہاں موجود مسجد کی انتظامیہ بھی اس کی گواہ ہے۔‘

گلوکار نے کہا کہ بہر کیف ایک کلپ کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی، انجانے میں ہم سے غلطی ہوئی اور ہم انسانوں سے غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ میں ، صبا قمر اور ہم سب اللہ تعالیٰ سے معافی مانگتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ براہ کرم جاری کئے گئے ویڈیو بیان کو میری، صبا قمر اور باقی ٹیم کی جانب سے پُر خلوص معافی سمجھا جائے۔

واضح رہے کہ گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کے نئے گانے کی ویڈیو کی مسجد وزیر خان میں شُوٹنگ اور رقص کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فنکاروں کے اس اقدام کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، گانے کی عکس بندی تاریخی مسجد وزیرخان میں کی گئی ہے جس میں مسجد کے تقدس کوپامال کیا گیا ہے۔

صارفین کی جانب سے حکومت سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، ایسے میں فنکاروں نے وضاحت دیتے ہوئے لوگوں کی دل آزاری ہونے پر معافی مانگ لی ہے۔

اداکارہ اور بلال سعید کے نئے گانے ’قبول ‘ کی ڈائریکٹر صبا قمر نے شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد اپنے اوپر کی جانے والی تنقید کا جواب دے دیا۔

تازہ ترین