• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرخارجہ کا ازبک ہم منصب سے وڈیولنک پر رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ازبکستان کے ہم منصب عبد العزیز کامیلوف سے وڈیولنک رابطہ کیا۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا عالمی وبائی صور تحال، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان میں دو طرفہ گہرے برادرانہ مراسم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، ازبکستان کا سیاسی مشاورتی اجلاس جلد اسلام آباد میں ہوگا۔

وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارت کے فروغ، زیرِ التوا یاد داشتوں، دوطرفہ معاہدوں پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔

ازبک ہم منصب کو بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے عبد العزیز کامیلوف کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نہتے کشمیری گزشتہ سال 5 اگست سے بدترین بھارتی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں کا اغوا، ماورائے عدالت قتل اور بلاجواز گرفتاریاں معمول بن چکی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے ادا کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے قطر میں بین الافغان مذاکرات سے افغانستان میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ازبک وزیرِ خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دورہ ازبکستان کی دعوت بھی دی۔ جس پر انہوں نے حالات معمول پر آنے کے بعد جلد دورہ ازبکستان کا عندیہ دیا۔

تازہ ترین