• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برصغیر میں گوشت کے پکوان مغل ادوار سے ہی پسند کیے جاتے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں  دنبےکا لذیذ گوشت بھی خوب پسند کیا جاتا ہے۔ اس سے کئی طرح کے مزے مزے کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔یہ گوشت ذائقہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے، اس کو مناسب مقدار میں کھانا انسان کو صحت مند رکھتا ہے۔ 

یہ آئرن کی کمی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ قوتِ مدافعت بھی بڑھاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس گوشت کے پکوان ازل سے ہی خاص مانے جاتے ہیں ۔ دنبے کے گوشت سے بنے لذیذ پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے چند تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

اسمو کڈ لیمب جوش

درکار اجزاء:

دنبے کا گوشت ۔1کلو

دہی۔ آدھا کپ

تیل۔حسبِ ضرورت

پیاز(براؤن کر لیں)۔ دو عدد

لہسن، ادرک پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

کریم۔1 کپ

بادام پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر ۔ایک چائے کا چمچ

لونگ ۔چار عدد

جائفل۔ تھوڑا سا

الائچی۔ 3-4عدد

گرم مسالہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں گوشت، لہسن، ادرک پیسٹ، کریم، بادام پیسٹ، نمک، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، لونگ ، جائفل ، الائچی، گرم مسالہ پاؤڈر اور دو کپ پانی ڈال کر گوشت گلنے تک پکائیں۔ اب دہی اور پیاز کو گرائنڈکر کے اس میں شامل کر یں گوشت کو بھونیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو کوئلہ کا دھواں دے دیں۔ مزیدار سموکڈلیمب جوش تیارہے سرونگ ڈش میں نکال کر شیرمال کے ساتھ گرم گرم پیش کر یں۔

سوڈانی لیمب کباب

درکار اجزاء:

دنبے کا قیمہ۔ 1 کلو

کالی مرچیں۔ کُٹی ہوئی 1 کھانے کا چمچ

انڈے (پھینٹ لیں)۔ 2 عدد

دہی۔ 2 کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

دھنیا پاؤڈر۔ 2 چائے کے چمچ

زیرہ۔ 1 کھانے کا چمچ

گرم مسالہ پاؤڈر۔ 2/1کھانے کا چمچ

ہری مرچیں (چوپ کرلیں)۔ 4 عدد

تیل۔ فرائنگ کیلئے

ترکیب:

چوپر میں قیمہ، کالی مرچیں، انڈے، نمک،دھنیا پاؤڈر،زیرہ،گرم مسالہ پاؤڈر اور ہری مرچیں ڈال کر چوپ کر کے پیالے میں نکال لیں۔اس میں دہی بھی مکس کر کے ایک گھنٹہ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں اور قیمہ کے بیضوی،لمبے یا کسی بھی شیپ میں کباب بنا کر فرائی کریں۔گولڈن براؤن ہونے پر نکال لیں اور سوس کے ساتھ پیش کریں۔

لیمب چلی فرائی

درکار اجزاء:

تیل ۔حسبِ ضرورت

لہسن کے جوے۔دس عدد

ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

پیاز ۔چار عدد (کٹی ہوئی)

دنبےکا گوشت۔ آدھا کلو (بوٹیاں ٹکڑوں میں کٹی ہوئی)

لیموں کا رس۔ایک عدد

سرخ مرچ۔بیس عدد(ثابت)

ادرک۔چار انچ(کٹا ہوا)

دہی۔سواکپ

تازہ دھنیا۔ایک کھانے کا چمچ(کٹا ہوا)

ترکیب:

ایک کھانے کا چمچ تیل گرم کریں اور ثابت لال مرچ فرائی کرکے نکال کر رکھ دیں۔ اسی پین میں تھوڑا تیل مزید شامل کر یں اور علیحدہ علیحدہ ثابت دھنیا ، لہسن اور ادرک فرائی کرلیں۔ اب بقیہ تیل ڈال کر پیاز کو سنہرا کرلیں اور نکال کر رکھ دیں۔پھر دارچینی ، لونگ اور بڑی الائچی ڈال کر ایک منٹ کے لئےفرائی کریں۔ 

گوشت میں ہلدی اور نمک ڈال کر ڈھک دیں اور آدھے گھنٹے کے لئے پکنے دیں۔ یہاں تک کہ آدھا گل جائے۔ پانی کا چھینٹا دیں کراسے پکاتے رہیں۔ اب اس میں دہی ،لیموں کا رس اور فرائی کئے ہوئے مسالے ملا دیں۔ تھوڑا سا پانی ڈال کر دوبارہ پکائیں۔ جب گَل جائے تو ہرے دھنیے کے ساتھ گارنش کرلیں۔ چاول، چپاتی اور سبزیوں کے ساتھ پیش کریں۔

لائم اینڈ منٹ لیمب

درکار اجزاء:

زیتون کا تیل۔آدھا کپ

لہسن کچلا ہوا۔دو جوے

لیموں کا رس۔دو کھانے کے چمچ

تازہ پودینہ۔دو کھانے کے چمچ (کتر لیں)

لیموں کا چھلکا۔دو چائے کے چمچ(کش کرلیں)

لیمب چاپس۔آٹھ عدد

اجزاء برائے واٹر میلن اینڈ مینگو سالسہ

تربوز۔ایک کلو(کیوب کر لیں)

ہری مرچ۔دو عدد (کتر لیں)

لیموں کا چھلکا۔دو کھانے کے چمچ(کش کرلیں)

سرکہ ۔آدھا کپ

چھوٹے آم۔تین عدد(کیوبز کرلیں)

تازہ ہرا دھنیا ۔ایک چوتھائی کپ(کتر لیں)

ترکیب:

سالسہ تیاری کرنے کے لیے تمام اشیا کو ایک بڑےپیالے میں احتیاط سے مکس کرلیںاور ڈھک دیں۔ پھر تین گھنٹے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔

اب لائم اینڈ منٹ لیمب بنانے کے لیے ایک درمیانے برتن میں تیل،لہسن،لیموں کا چھلکا،لیموں کا رس اور پودینہ آپس میں مکس کرلیں۔ پھر اس میں لیمب چاپس ڈال کر مکس کرلیں، یہ سب اچھی طرح مکس ہونا چاہیے۔ اسے ڈھک کر کم ازکم چار گھنٹے یا ایک رات کیلئے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ اب پکانے کے لیے لیمب چاپس نکالیں اور گرم باربی کیو کی سیخوں پر تیل لگا کر پکائیں۔ دونوں طرف سے چاپس براؤن اور خستہ ہو جائیں تو اتار لیں۔واٹرمیلن اور مینگو سالسہ کے ساتھ پیش کریں۔

سعودی کبسہ

درکار اجزاء:

دنبے کا گوشت۔آدھا کلو

چاول۔آدھا کلو

کٹی شملہ مرچ۔ایک عدد

کٹی گاجر۔دو عدد

کٹی پیاز۔دو عدد

ٹماٹر۔چار عدد

تیل۔آدھا کپ

چلغوزے۔ایک چوتھائی کپ

نمک۔ایک چائے کا چمچ

باریک کٹا لہسن۔ایک کھانے کا چمچ

کُٹا سفید زیرہ۔آدھا چائے کا چمچ

کُٹا دھنیا۔آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ

اسپائس مکس کے اجزا ء:

زعفران۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

پسی الائچی۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

پسی دار چینی۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

گرم مسالہ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

سفید مرچ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

سوس کے اجزاء:

اسٹاک کیوبز۔آدھا

ٹماٹر۔ایک کپ

پانی۔ایک کپ

کٹی پیاز۔آدھا کپ

باریک کٹا لہسن۔ایک چائے کا چمچ

ٹماٹر کا پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

مکھن۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب:

ایک برتن میں تیل گرم کریں۔ اس میں دنبے کا گوشت ڈال کر دس منٹ تک بھونیں کہ گولڈن براؤن ہو جائے۔ اب اس میں چار کپ پانی ڈالیں اور ڈھک کر 45 منٹ پکائیں۔ یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔ اب یخنی کو نکال کر علیحدہ رکھ دیں۔ ساتھ ہی چاولوں کو پانی میں پندرہ منٹ کے لیے بھگو دیں۔ اب ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں باریک کٹا لہسن، کٹی پیاز، کٹی گاجر، کٹی شملہ مرچ، ایک چمچ نمک، کالی مرچ، کُٹا سفید زیرہ اور کُٹا دھنیا شامل کریں۔ ساتھ ہی اس میں چار پسے ٹماٹر اور کبسہ اسپائس بھی ڈال دیں۔ سب چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں اور پانچ منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں بھیگے ہوئے چاول، اُبلا ہوا گوشت اور یخنی شامل کر کے ڈھک کر درمیانی آنچ پر پندرہ منٹ پکائیں، یہاں تک کہ چاول گل جائیں۔

سوس بنانے کے لیے ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں کٹی پیاز، باریک کٹا لہسن اور ایک کپ ٹماٹر ڈال کر فرائی کریں۔ ساتھ ہی اس میں ٹماٹر کا پیسٹ، نمک، کالی مرچ، آدھا اسٹاک کیوبز اور ایک کپ پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر گاڑھا ہو جانے تک پکائیں۔

سعودی کبسہ پیش کرنے کے لیے ایک بڑی پلیٹ میں تیار شدہ چاول اور گوشت ڈالیں، اُوپر سے چلغوزے ڈال کر سجائیں اور تیار شدہ سوس کے ساتھ پیش کریں۔

اناطولین لیمب کباب

میرینیشن کیلئے درکار اجزاء:

دنبے کی دستی۔ نو سو گرام (چھوٹی چھوٹی بوٹیاں)

پیاز ۔دو عدد (چھیل لیں)

لہسن کے جوے ۔دو عدد (کوٹ لیں)

زیرہ ۔دو چائے کے چمچ (کوٹ لیں)

نمک ۔حسبِ ذائقہ

چپاتی کے لیے:

میدہ ۔دو سو پچیس گرام

گندم کا آٹا۔ پچاس گرام

نمک ۔حسبِ ذائقہ

نیم گرم پانی ۔حسبِ ضرورت

سرونگ کے لیے:

پیاز۔ دو عدد (باریک سلائس کاٹ لیں)

ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ (چوپ کیا ہوا)

لیموں ۔تین سے چار عدد (چار ٹکڑے کر لیں)

ترکیب:

میرینیشن کے لیے پیاز کو ایک پیالے میں کدوکش کرلیں اور اس پر نمک ڈال کر ڈھک دیں اور دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب اس کو ایک چھلنی میں ڈال کر ہاتھ سے دبائیں تاکہ پیاز کا تمام عرق نکل جائے۔ اس عرق میں زیرہ اور لہسن ڈال کر مِکس کریں اور گوشت پر لگا کر کم از کم دو سے تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

اس دوران چپاتی کے لیے میدہ اور گندم کا آٹا چھان لیں اور اس میں نمک ڈال کر نیم گرم پانی کی مدد سے گوندھ لیں۔ اس گوندھے ہوئے آٹے کے چوبیس چھوٹے پیڑے بنالیں اور نم کپڑے سے ڈھک کر تیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ ساتھ ہی کوئلے دہکالیں۔ اس کے بعد آٹے کے پیڑوں کو باریک پتلی، گول روٹی کی شکل میں بیل لیں۔ ایک کے اُوپر دوسری روٹی رکھنے سے پہلے تھوڑا آٹا چھڑک لیں تاکہ یہ ایک دوسرے سے چپکنے سے محفوظ رہیں اور پھر دوبارہ نم کپڑے سے ڈھک کر رکھ دیں۔

اب بوٹیوں کو سیخوں میں پرودیں اور دہکتے ہوئے کوئلوں پر گَل جانے تک پکائیں۔ ضرورت پڑنے پر پلٹتے رہیں، اس دوران گرم توے پر روٹیاں ایک ایک کرکے سینک لیں۔ ان پکی ہوئی روٹیوں پر سیخوں سے بوٹیاں اُتار کر رکھیں۔ سرونگ کے لیے ہر روٹی کے اُوپر تھوڑی پیاز اور تھوڑا ہرا دھنیا ڈال کر لیموں کا رس چھڑک کر رول کرکے پارسل بنائیں اور گھروالوں کو پیش کریں۔

دنبے کی روسٹڈ ران

درکار اجزاء:

دنبے کی ران۔ ایک عدد

پپیتا پیسٹ۔ چار کھانے کے چمچ

گرم مسالہ۔ دو کھانے کے چمچ

﴾لال مرچ۔ دو کھانے کے چمچ ﴿کٹی ہوئی

ادرک لہسن کا پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

دہی۔ دو سو پچاس گرام

سومک ۔دو کھانے کے چمچ

تیل۔ آدھا کپ

جائفل۔ آدھا کھانے کا چمچ

ترکیب:

پہلے ران پر پپیتا پیسٹ لگاکر رکھ دیں۔ پھر اس کے بعد تمام اجزاء سے ران کو میرینیٹ کرکے اسٹر کر لیں۔ پھر اس کو اوون میں بیس منٹ پکائیں۔ جب تیار ہوجائے تو پیش کریں۔

دنبے کی نمکین کڑاہی

درکار اجزاء:

دنبے کی ران کا گوشت۔ ایک کلو

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ہری مرچ۔ چار سے پانچ عدد (کٹی ہوئی)

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

ٹماٹر۔ چار سے پانچ عدد (کٹے ہوئے)

چربی ۔حسبِ ضرورت

ترکیب:

ایک کڑاہی میں چربی ڈال کر اسے پگھلا لیں۔ اب اس میں گوشت اور نمک ڈال کر بیس سے پچیس منٹ کے لئے ڈھانپ کر پکنے کے لئے رکھ دیں۔ پھر اس میں ہری مرچیں اور ٹماٹر ڈال کر مزید دس منٹ تک ڈھانپ کر پکائیں۔ اب اس کے اوپر کالی مرچ چھڑک کر مکس کردیں۔ لیجیے مزیدار دُنبے کی نمکین کڑاہی تیار ہے۔

اوریگانو لیمب چوپس

درکار اجزاء:

لیمب چوپس ۔چار سو گرام

اوریگانو۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

سفید مرچ ۔حسب ذائقہ

لہسن ادرک پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

پپیتا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ

چکن اسٹاک۔ دو کھانے کے چمچ

سویا ساس ۔دو کھانے کے چمچ

ہری مرچ۔ گارنش کے لئے

ہرا دھنیا ۔گارنش کے لئے

ترکیب:

سب سے پہلے لیمب چوپس کو اوریگانو اور نمک لگا کر فرائی کرلیں۔ پھر چکن اسٹاک کیساتھ تمام اجزاء ڈال کر چوپس پکالیں۔ اب لیمب چوپس پلیٹ میں ہری مرچ اور ہرے دھنیے سے سجا کر سوس کے ساتھ پیش کریں۔

چنادنبہ چانپ

درکار اجزاء:

دنبے کی چانپیں۔ایک کلو

کابلی چنے۔دو سو پچاس گرام

دہی۔دو سو پچاس گرام

ہری مرچیں۔دس عدد

ٹماٹر۔تین عدد (چوپ کر لیں)

پیاز۔تین عدد (چوپ کر لیں)

کُٹا اور بُھنا ہوا سفید زیرہ۔ایک چائے کا چمچ

کُٹی ہوئی لال مرچ۔دو کھانے کے چمچ

کلونجی۔آدھا چائے کا چمچ

سوڈا ۔ایک چائے کا چمچ

پسی ہوئی ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

لہسن۔تین کھانے کے چمچ (چوپ کر لیں)

ادرک۔دو کھانے کے چمچ (چوپ کر لیں)

ہرا دھنیا۔آدھی گڈی (چوپ کر لیں)

تیل۔تین کھانے کے چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

ترکیب:

کابلی چنوں کو سوڈے کے ساتھ رات بھر کے لیے بھگو دیں اور پھر نرم اُبال لیں۔ ایک پیالے میں دہی، لہسن، ادرک، ہلدی، لال مرچ، زیرہ اور نمک ملا کر چانپوں پر لگائیں اور کم از کم ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز گلابی کر لیں۔ اب اس میں ٹماٹر اور چانپوں کا آمیزہ شامل کر دیں۔ 

چانپوں کو علیحدہ ہونے تک بھونیں اور دو پیالی پانی ڈال کر چانپیں گلنے تک پکائیں۔ دیگچی میں اُبلے ہوئے چنے ڈال کر پندرہ منٹ مزید پکائیں۔ جب پانی خشک ہونے لگے تو اس میں ثابت ہری مرچیں اور کلونجی شامل کر کے ملا لیں۔ مسالہ خشک ہو جائے تو ڈش میں نکالیں اور ہرے دھنیے سے سجا کر پیش کریں۔

تازہ ترین