• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیراتی صنعت کو ٹیکس مراعات 40پراجیکٹس ایف بی آر میں رجسٹرڈ

اسلام آباد( کامرس رپورٹر) حکومت کی جانب سے تعمیراتی صنعت کو دی گئی ٹیکس مراعات اور سہولیات کے بعد بلڈرز اور ڈویلپرز نے 40 پراجیکٹس ایف بی آر میں رجسٹر ڈ کر الئے جبکہ 4812 پراجیکٹس کے رجسڑیشن کیلئے مسودے تیار کر لئے گئے ہیں ، مراعاتی پیکج ملکی معیشت کے استحکام میں سنگ میل ثابت ہو گا،ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ بلڈرز اور ڈویلپرز کی جانب سے تعمیراتی صنعت کو دیئے گئے پیکج سے فائدہ اٹھانے کا رحجان معیشت کے استحکام کی ضامن ہے ، اب تک 40 پراجیکٹس ایف بی آرکے نظام میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں ، 4812 پروجیکٹس نے آئرس میں رجسٹرز ہونے کیلئے ڈرافٹس تیار کر لئے ہیں، ایک خریدار نے اپنی ڈیکلیریشن ایف بی آر میں جمع کرا دی ہے جبکہ 297 خریداروں نے آئرس سسٹم میں اپنی ڈیکلیریشنز تیار کر لی ہیں، ترجمان کے مطابق مراعاتی پیکج پر کاروباری طبقہ کی طرف سے بہت اچھا رحجان دیکھنے میں آیا ہے، وزیراعظم کا تعمیراتی اور ہائوسنگ سیکٹر کیلئے مراعاتی پیکج ملکی معیشت کے استحکام میں سنگ میل ثابت ہو گا،وفاقی حکومت نے فکسڈ ٹیکس نظام سے مستفید ہونے کے خواہشمند بلڈرز اور ڈویلپرز کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت کی ٹیکس میں چھوٹ کی سکیم بلڈرز ، ڈویلپرز اور لوگوں کیلئے بہت پرکشش پیکج ہے، شرائط پورا کرنے کے بعد ایف بی آر سکیم سے فائدہ اٹھانے والے بلڈرز، ڈویلپرز، پلاٹس اور ہاوسنگ یونٹس کے خریداوروں سے آمدنی کے ذرائع نہیں پوچھے گا، سکیم اپنانے والے بلڈرز اور ڈویلپرز انکم ٹیکس آرڈینینس 2001 ء کے تحت فکسڈ ٹیکس کے نفاذ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ایف بی آر نے اس سلسلے میں مئی میں آن لائن پراجیکٹ رجسٹریشن نظام متعارف کرایا تاکہ ٹیکس گزاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جا سکیں، مراعاتی پیکج سے متعلق ویب پیج بھی بنایا گیا ہے اور بلڈرز اور ڈویلپرز کی رہنمائی کیلئے ویڈیو ٹیو ٹوریل بھی اپلوڈ کیا گیا ہے، ایف بی آر ہیڈکوارٹر کے پالیسی ونگ سے بلڈرز اور ڈویلپرز کی براہ راست رسائی کو ممکن بنانے کیلئے ای میل ایڈریس بھی فراہم کیا گیا ہے، بلڈرز،ڈویلپرزاور ٹیکس گزاروں میں آگاہی پیدا کرنے اور انکی سہولت کیلئے اشتہاری مہم بھی چلائی گئی،سہولیات کو مزید بڑھاتے ہوئے ایف بی آر نے جولائی 2020 میں آن لائن کانفرس کا انعقاد بھی کیا جس میں 500 شرکاء شامل تھے ۔

تازہ ترین