پاکستان بھر میں آج تہترواں جشنِ آزادی منایا جا رہا ہے، اس موقع پر صبح سویرے کراچی میں بانیٔ پاکستان، بابائے قوم، قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔
پورے ملک اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی آج پاکستان کا تہترواں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔
گلی گلی، محلے محلے سبز ہلالی پرچموں اور ہری جھنڈیوں کی بہار ہے، یومِ آزادی شایانِ شان انداز سے منانے کے لیے ملک بھر میں تقریبات سجائی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر صبح سویرے کراچی میں مزارِ قائدِ اعظم پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
یہ بھی پڑھیئے: مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب
گارڈز کی جانب سے بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ کموڈور مشتاق احمد نے مزارِ قائدِ اعظم پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔
کمانڈنٹ کموڈور مشتاق احمد نے مزار پر موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیئے۔