• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزارِ قائد و اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب


پاکستان کے 73 ویں یومِ آزادی پر آج صبح سویرے کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر جبکہ لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد ہوئیں۔

یوم آزادی کے موقع پر مزارِ قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

نیول اکیڈمی کے کیڈیٹس کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر محمد فیضان کر رہے تھے، یہ دستہ 48 کیڈیٹس پر مشتمل ہے۔

لاہور میں مزارِ اقبال پر منعقد ہونے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک فوج کی ناردرن لائٹ انفینٹری کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

آج یومِ آزادی پر دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا، مساجد میں ملکی سلامتی، امن و استحکام، خوش حالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اس موقع پر فضا نعرۂ تکبیر اللّٰہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے گونج اُٹھی۔

تازہ ترین