لاہور(خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے علاوہ کو ئی نظام نہیں چل سکتا،ملک کو ایک نیا میثاق جمہوریت اور میثاق معاشیات دینا چاہیے، آج پاکستانی عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے یہ قوموں کے لئے زہر ہے ،گالیاں دے کراور مخالفین کو جیلوں میں ٹھونس کر کچھ حاصل نہیں کرسکتے اس سے پاکستان آگے نہیں بڑھے گا،آپس میں لڑ نے سے نفاق پیدا ہوگا،افواج پاکستان اکیلی دفاع نہیں کرسکتی ،افواج ، پارلیمنٹ اور عدالت مضبوط ہوں،ملک سیاستدانوں نے چلانا ہے ، ملک کو ایک نیا میثاق جمہوریت اور میثاق معاشیات دینا چاہیے ،تحریک انصاف کو بھی میثاق پر دستخط کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کو بنے پون صدی گزر گئی ہے، جب پاکستان بنا تو لٹے پٹے قافلے پاکستان آئے تھے،ریڈ کلف ایوارڈ کے تحت کشمیر کو پاکستان سے کاٹا گیا،گورداسپور کو بھی کاٹا گیا،اس وقت کی سپر پاور نے یہ سازش کی تھی ،آج آٹھویں دہائی شروع ہوچکی ہے اب بھی اس وقت کی اور آج کی سپر پاور کی سازشیں کم نہیں ہوئیں بلکہ بڑھ گئی ہیں،ہم نے بہت کچھ حاصل بھی کیا ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ہم اپنی منزل کو حاصل نہیں کرسکے وہ منزل جس کے لئے ہمارے آبا ئو اجدادنے قربانیاں دی ،پاکستان بنا نے کے لئے لاکھوں کوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں،ہم سے وعدہ کیا گیا کہ ہم اسلام کے اصولوں پر ویلفیئر اسٹیٹ بنائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوااس نے ہمیں منزلیں مراد سے دور کردیا ہے ،کبھی مذہبی کارڈ کبھی غدار اورآجکل کر ایکدوسرے کو چور قرار دے رہے ہیں اس طرح قومیں آگے نہیں بڑھتیں،گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا چاہیے ، احتساب کا چورن بند ہونا چاہیے۔