• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر موسم اور تقریباً ہر قسم کے حالات میں گھر کے اندر رنگ و روغن کیا جاسکتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گھرکا اندرورنی ماحول کنٹرول میں ہوتاہے یعنی درجہ حرارت اور نمی کو ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے تاکہ رنگ و روغن کے لئے موزوں ماحول مل سکے۔ تاہم گھر کی بیرونی دیواروں کورنگ کرنا ایک بالکل مختلف معاملہ ہوتاہے کیونکہ آپ کلی طورپرموسم کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ گھر کے بیرونی حصے میں رنگ و روغن کرنے کا بہترین موسم کونسا ہے؟ آئیے اس بارے میں جانتے ہیں۔

خزاں میں رنگ و روغن

آپ اگراپنے گھر کےبیرونی حصے میں رنگ و روغن کروانے جارہے ہیں تو زیادہ سے زیادہ اورکم سے کم درجہ حرارت کےدرمیان اتار چڑھاؤ پر غور کرنا ایک اہم عنصر ہے۔ جب دن میں درجہ حرارت 40ڈگری کے قریب ہو تو رنگ و روغن اچھی طرح سے خشک نہیں ہوتا اور پھر رات میں درجہ حرارت25ڈگری تک گر جاتا ہے۔ موسم خزاں کے ابتدائی دنوں میں جب درجہ حرارت کم ہو تو یہ رنگ و روغن کرنے کیلئے اچھا وقت ہوتا ہے کیونکہ صبح اور رات کے وقت درجہ حرارت سال کے دوسرے اوقات کے مقابلے میں اکثرایک جیسا رہتا ہے۔

موسم گرما میں رنگ و روغن

عام طور پر موسم گرما کو ہی گھر کے بیرونی حصے میں رنگ و روغن کرنے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، خاص طور پرجب مون سون سیزن ختم ہوچکا ہویا ابھی شروع نہ ہوا ہو۔ گرم موسم میں رنگ و روغن نہ صرف اچھی طرح ہوجاتاہے بلکہ عملی طور پر یہ جلد سوکھ بھی جاتاہے، اور بعض اوقات تو دوسرے کوٹ سے پہلے ہی پہلا کوٹ سوکھ جاتاہے۔ لیکن اگر شدید گرمی ہو یا سورج کی جھلساتی ہوئی شعاعیں آپ پر براہ راست پڑ رہی ہوں تو پھر آپ کو رنگ و روغن کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے یا انسانی ہمدردی کے تحت رنگ و روغن کرنے والے مزدوروں کی خدمات حاصل کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ اگر کسی بھی وجہ سے رنگ و روغن کروانا اشد ضروری ہو تو مزدوروں کو پانی دیتے رہیں۔

یہ خیال عام ہے کہ گھر کی چھت پر سفید رنگ کرنے سے سورج کی شعاعیں اس سے منعکس ہو کر واپس چلی جاتی ہے، جس سے درجہ حرارت کم ہوتاہے اورایک اندازے کے مطابق یہ 30درجہ تک کم ہوسکتاہے جبکہ گھر کے اندرکا درجہ حرارت7 ڈگری تک گر سکتاہے۔ دراصل عمارت جتنی گرمی جذب کرتی ہے، چھت ٹھنڈا کرنے کایہ عمل (یعنی سفید رنگ کی وجہ سے ) گرمی کو باہر نکال کر درجہ حرارت کم کرنے میں مدد دیتاہے۔ ماہرین موسم گرما میں ہلکے سبز رنگ کو گھر کی دیواروں کیلئے مناسب قرار دیتےہیں۔ ایکسٹیریئر کی طرف موجود دیواروں کے لیے ہنٹر گرین رنگ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

موسم سرما میں رنگ و روغن

ہمارے ملک میں ہر سال اب پہلے سےزیادہ سردی ہونے لگی ہے۔ موسم سرما میں عموماً بہت کم دیکھنے میں آتا ہے کہ کوئی اپنے گھر کی بیرونی دیواروں پر رنگ و روغن کروائے اور ایسا غالباً تب ہی ہوتا ہے جب گھر میںکوئی بڑی تقریب یا شادی بیاہ کا موقع ہو۔ طویل عرصے تک سرد موسم میں رنگ و روغن کرنا تجویزنہیں کیا جاتا تھا۔ چونکہ گزشتہ چند برسوں کے دوران رنگ و روغن کے معیار میں بہتری آئی ہے اسی لئے کم درجہ حرارت پر بھی عمدہ رنگ و روغن ہونے لگا ہے۔ 

اسی کے پیش نظررنگ و روغن کے ڈبوں پر کم سے کم درجہ حرارت کی سفارشات لکھی ہوتی ہیں۔ ماہرین موسم سرما میں دیواروں کیلئے کچھ مخصوص رنگ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جیسا کہ آسمانی رنگ(اسکائی بلو) یا ہلکا نیلا رنگ سکون و اطمینان کی علامت ہوتاہے اور باہر سے دیکھنے والوں کو بھی بھلا محسوس ہوتا ہے جبکہ ہلکے نارنجی رنگ(Sunny Yellow) سے گھر کا ماحول تازہ اور خوشگوار رہتا ہے۔ اگر گھر کے اندر بھی یہی رنگ کروانا چاہیں تو اس کے ساتھ سفید یا سرمئی رنگ کا فرنیچریا آرائشی اشیا گھر کی شان میں چار چاند لگا سکتی ہیں۔

نمی کی حالت میں رنگ و روغن

رنگ و روغن صرف خشک سطح پر کیا جاناچاہئےورنہ جہاں اسے کیا جائے گا وہ سطح بارش یا ہوا میں نمی کے ذریعہ نم ہوسکتی ہے۔ سخت بارش کے بعد رنگ و روغن کرنے سے پہلے کم از کم ایک دن انتظار کریں، پھر اس سطح کی جانچ کریں جہاں رنگ و روغن کرنا ہے۔ اگر سطح ذرا بھی گیلی ہے تو ہرگز رنگ و روغن نہ کریں۔ اگر لمس کے ذریعے گیلا پن محسوس نہیں ہوتا تو تب بھی لکڑی اور چنائی جیسی غیر محفوظ سطحوں پر رنگ و روغن کرنا مناسب نہیں رہے گا۔

کونسے رنگ مناسب ہیں؟

پیسٹل کلرز نرم، ہلکے اور دھیمے رنگوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ آپ بھی گھر میں رنگ و روغن کرتے وقت ان رنگوں کا اضافہ کرکے جدید ٹرینڈ پر بآسانی عمل کرسکتے ہیں۔ یہ رنگ انسان کی توانائیوں میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ گہرا سبز رنگ گھر کے ماحول کو سکون اور طمانیت بخشتاہے۔ زرد رنگ کی ایک قسم، جسے عام طور پر سنہری رنگ کے متبادل کے طور پر جانا جاتا ہے، یہ رنگ گھر میں ایک خاص قسم کا فوکل پوائنٹ قائم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ 

اس رنگ کی خاصیت ہے کہ یہ رنگ دیکھنے والے کے مزاج میں خوشگوار تبدیلی اور اعتماد میں اضافہ کرتا ہے۔ دوسری جانب ماہرین بیرونی ڈیزائننگ میں بھورے رنگ کے استعمال پر بھی خاص توجہ دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس رنگ سے گھر کی بیرونی چھتیں، مرکزی دروازے یا پھر بیرونی دیواریں خوبصورت نظر آتی ہیں۔ نیلے رنگ کی اقسام میں آئس بلو، گرے بلو اور چارکول بلو جیسے خاص رنگ گھر کی بیرونی دیواروں پر استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ہلکے بھورے اور سرمئی رنگ کا امتزاج گھر کا ماحول گرم رکھنے کی تاثیر رکھتے ہیں۔

تازہ ترین