• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان، 15 اگست کو بھارتی سفارتخانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

پندرہ اگست کو بھارت کے جشن آزادی کے موقع پر جاپان میں کشمیریوں کی معروف تنظیم کشمیر یکجہتی فورم کی جانب سے بھارتی سفارتخانے کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

بھارت کے جشن آزادی کے موقع پر ہونے والے اس مظاہرے کو رکوانے کے لیے جاپان میں بھارت کے سفیر نے سر توڑ کوششیں کی کہ کسی طرح جاپانی حکومت پر دباؤ ڈال کر یہ مظاہرہ منسوخ کرایا جاسکے تاہم جاپانی حکومت نے جمہوری اصولوں کی پاسدار ی کرتے ہوئے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کو اس مظاہرے کی اجازت دے کر جمہوری پاسداری کے اصول کو برقرار رکھا۔

مظاہرے کے موقع پر بھارتی سفارتخانے کے اندر بھارتی جشن آزادی کی تقریبات جاری تھیں تاہم سفارتخانے کے باہر بہت بڑی تعداد میں پاکستانی و کشمیری عوام مظاہرے میں شریک تھے جبکہ سفارتخانے کے اطراف میں جاپانی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے حکام کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مظاہرے کے روز ٹوکیو میں اڑتیس درجہ سینٹی گریڈ کی شدید گرمی کے باوجود مظاہرے میں شرکا کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جو کشمیریوں سے پاکستانی کمیونٹی کے جذباتی و روحانی لگاؤ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر مظاہرے میں تحریک انصاف جاپان، ن لیگ جاپان، پیپلز پارٹی جاپان اور کشمیری و انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشمیر یکجہتی فورم کے صدر شاہد مجید ایڈوکیٹ نے کہا کہ بھارت نے ستر سال سے زائد کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے اوریہ مسئلہ خود بھارت اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق آج تک بھارت کشمیر میں استصواب رائے کرانے سے گریزاں ہے کیونکہ بھارت کو معلوم ہے کہ جس دن کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا موقع ملا اس دن ایک بھی کشمیری بھارت کے ساتھ رہنے کو اپنی توہین محسوس کرے گا۔

شاہد مجید نے جاپانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ساتھ تمام تجارت معطل کردے جبکہ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کرے تاکہ بھارت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادی دینے پر مجبو ر ہوسکے۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جنگل کا قانون رائج کر رکھا ہے، وہاں انسانی حقوق نہ ہونے کے برابر ہیں، وہاں لوگوں کو سر عام قتل کردیا جاتا ہے، نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دے کر قتل کردیا جاتا ہے، معصوم خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے اور دنیا میں کوئی ان مظلوم کشمیریوں کا پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ  لہذا عالمی برادی کشمیریوں پر ہونے والے اس ظلم و ستم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے ان کا ساتھ دے، مظاہرے میں سنیئر کشمیری رہنما مرزاخلیل بیگ، تحریک انصاف جاپان کے صدر احمد سعید بھٹی، پیپلز پارٹی کے صدر شاہد مجید، جنرل سیکریٹری مرزا خلیل بیگ، انفارمیشن سیکریٹری محمد یوسف، سینئر لیگی رہنما ملک یونس، شیخ زوالفقار، سینئر پاکستانی انعام الحق، شہزا د بہلم، قاری علی حسن نعیم آرائیں سمیت بہت بڑی تعداد میں پاکستانی برادری نے شرکت کی۔

تازہ ترین