• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سونو نگم کا پاکستانی نوعمر گلوکارہ سے رابطہ

پاکستان کی نوعمر گلوکارہ ہادیہ ہاشمی سے بھارتی گلوکار سونو نگم نے ویڈیو کانفرنس پر رابطہ کر کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سونو نگم  نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے پاکستانی نوعمر گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کا گانا ’بول ہو‘ کو ماسٹر پیس قرار دیا تھا۔

اب ہادیہ ہاشمی نے اپنی فیس بُک پوسٹ میں سونو نگم سے ویڈیو کانفرنس کے دوران لئے گئے اسکرین شوٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سونو نگم سے بات کر کے اُن کی دلی خواہش پوری ہوگئی۔


نوعمر ہادیہ نے لکھا کہ ’یہ پوسٹ محنت اور اس کے بعد ملنے والے انعام کے نام کرتی ہوں، اگر آپ اپنے شوق پر قائم رہیں اور اس کے لیے محنت کریں تو اللہ اس کا صلہ ضرور دیتا ہے۔‘

انہوں نے اپنی پوسٹ میں سونو نگم کی جانب سے ملنے والی حوصلہ افزائی اور محبت کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سونو نگم نے بتایا تھا کہ انہیں پاکستانی کلام ’بول ہو‘ نے آبدیدہ کردیا ہے۔

ویڈیو میں سونو نگم نے کہا تھا کہ ’بہت دنوں بعد کچھ اچھا سننے کو ملا ہے، میں حیرت زدہ ہوں کہ اب بھی ایسا کام ہوتا ہے کہ انسان اسے سُن کر پھوٹ پھوٹ کر روئے۔‘

بھارتی گلوکار نے کہا تھا کہ انہوں نے کبھی ایسا سوچا بھی نہیں تھا کہ کوئی گانا سُن کر میں یوں رونا شروع کردوں گا۔

سونو نگم نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کوئی گانا انہیں رُلا سکتا ہے لیکن اس گانے نے یہ کردیا۔


بالی ووڈ گلوکار نے بتایا کہ انہیں یہ کلام بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری نے بھیجا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب یہ کلام سنا تو روپڑے، یہ بہت ہی خوبصورتی سے لکھا اور گایا گیا کلام ہے۔

اپنی ویڈیو میں گلوکار نے نوعمر ہادیہ اور سوچ بینڈ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بتایا کہ یہ گانا وہ بار بار سننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تازہ ترین