• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کیساتھ امن معاہدے پر غور کر رہے ہیں، سوڈان

کراچی (نیوز ڈیسک) سوڈان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کیساتھ امن معاہدے پر غور کررہے ہیں، ان کے اس بیان سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملتی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بعد مزید عرب ممالک بھی اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرسکتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے سوڈان کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے سوڈان کی عبوری کونسل کے سربراہ عبدالفتاح البرہان کا فیصلہ دلیرانہ ہے۔ اسرائیلی انٹیلی جنس وزیر ایلی کوہن کا کہنا ہے کہ سوڈان کیساتھ ساتھ بحرین بھی اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرنے کا اعلان کرے گا۔

 کوہن نے ایران سے درپیش خطرے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مراکش بھی اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا اعلان بہت جلد کرے گا۔

 سوڈانی وزارت خارجہ کے ترجمان حیدر بداوی صادق نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی تردید نہیں کرتے کہ سوڈان اور اسرائیلی حکام آپس میں رابطے میں نہیں ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دشمنی جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ باہمی رضامندی پر ہوگا اور سوڈان کے اصولوں پر سمجھوتہ کئے بغیر اس کے مفادات کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کیساتھ معاہدہ کرکے دیگر عرب ممالک کیلئے راہ ہموار کردی۔ وائٹ ہائوس کے ایک عہدیدار نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ عمان اور بحران بھی اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سوڈان اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے بدلے میں امریکی پابندیوں کا خاتمہ چاہتا ہے۔ 

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور سوڈان کے درمیان امن معاہدے سے نہ صرف دونوں ممالک کی عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے خطے کے دیگر لوگ بھی مستفید ہوں گے۔ نیتن یاہو نے فروری میں افریقی ملک یوگینڈا میں سوڈانی عبوری کونسل کے سربراہ سے ملاقات کی تھی۔  

دریں اثناء سوڈان کے وزیرخارجہ عمر جمال دین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کیساتھ تعلقات کے معاملے پر سوڈانی حکومت نے کبھی بات نہیں کی۔ 

انہوں نے کہا کہ سوڈانی وزارت خارجہ کے ترجمان حیدر بداوئی کا بیان ہمارے کیلئے حیرت ناک ہے کیوں کہ انہیں اس معاملے پر بیان دینے کا حق ہی نہیں ہے۔

تازہ ترین