کراچی (اے ایف پی، نیوز ایجنسی) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ریگولیٹرز نے انہیں چین میں بنائی گئی ویکسین استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے ، یہ ویکسین کین سینو بائیو اور بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی نے بنائی ہے ، قومی ادارہ صحت کے مطابق یہ ویکسین پہلے ہی چین، روس ، چلی اور ارجنٹینا میں تیسرے مرحلے سے گذر رہی ہے جس میں اسے بڑے پیمانے پر انسانوں پر آزمایا جائے گا جبکہ سعودی عرب بھی اس کلینکل ٹرائل میں شریک ہوگا۔ انڈس اسپتال کراچی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالباری کے مطابق ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے لیے قومی ادارہ صحت نے منظوری مانگی تھی جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے قومی ادارہ صحت کے اشتراک سے 2 منصوبوں کی منظوری دی ہے۔