• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرخارجہ شاہ محمود کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے صوبے ہینان میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔

شاہ محمود قریشی نے بھارت کی ہندتوا پالیسی کو پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ چین بھارت متنازع سرحدی علاقے مشرقی لداخ میں بھارت کا یکطرفہ اقدام، بھارت کی توسیع پسندانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین، توانائی کے شعبے میں طے پانے والے 13 ارب ڈالر کے منصوبے، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

چین اور پاکستان اچھے بھائی  اورخصوصی دوست ہیں

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو چین کے صدر شی جن پنگ کا خط موصول ہوا ہے۔ چینی صدر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے، مشترکہ مستقبل اور خطے کے ممالک میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرسکتےہیں۔

چینی صدر نے صدر پاکستان کے نام اپنے خط میں مزید کہا کہ چین اور پاکستان خطے میں امن اور ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد کر رہے ہیں۔ باہمی تعاون اور اتحاد سے کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان اچھے بھائی، پارٹنر اورخصوصی دوست ہیں۔ دوطرفہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے فروغ کے لیے سی پیک خاص اہمیت کا حامل ہے۔

چینی صدر نے خط میں لکھا کہ پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتوں کے درمیان مستقل مشاورت ہوتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سی پیک کو فروغ دینے کے لیے سیاسی اتفاق رائے موجود ہے۔

تازہ ترین