• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھات سے بنی چھت (میٹل روف) اب قریب قریب تمام مکانوں کے لئے ایک قابل عمل آپشن بن گئی ہے، سوائے ان گھر وں کے جن کی چھتیں ہموار (Flat)فلیٹ ہیں۔ میٹل روف اب ایسی بنائی جارہی ہیں کہ ان پر چلنے سے آواز پیدا نہیں ہوتی۔ دھاتی چھتیں بنانے کا ٹرینڈ نیا نہیں ہے، یہ عام گھروں میں بھی اپنایا جاتا ہے، جس کی وجہ بہتر مینوفیکچرنگ پروسیس اور اس کی دستیابی ہے۔ 

صنعتی اعداد وشمار کے مطابق دھاتی چھتیں بنانے کے عمل میں ہر سال3 فیصد کی شرح سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ چھت سازی کے مواد میں تقریباً 15 فیصد دھات یا دھاتی مٹیریل استعمال کیا جاتا ہے۔

موجودہ چھت پر دھاتی چھت کی تنصیب

دھات کی چھتیں آپ کی موجودہ سیمنٹ بجری والی چھت پر بھی نصب کی جاسکتی ہیں ، بشرطیکہ بلڈنگ کوڈ اس کی اجازت دے۔ اگرچہ چھتوں کے بلاکس ہٹانے کو ترجیح دی جاتی ہے لیکن اکھاڑ پچھاڑ سے دھول مٹی اور لاگت میں اضافہ ہو سکتاہے۔ اس قسم کی تنصیب میں ایک ممکنہ مسئلہ پانی کے بخارات کا بھی ہوسکتا ہے۔ 

اگر دھات کی چھت اور سیمنٹ بجری سے بنی چھت کے درمیان پانی رہ جائے تو نمی کی وجہ سے دھاتی چھت کو زنگ لگنے اور اس کے گلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ لیکن چھت اگر روشن دانوں والی (vented)ہو تو یہ امکانی پریشانی بھی ختم ہوجاتی ہے۔ بصورت دیگر دھاتوں کی تہوں میں ہوا کے گزر کیلئے پاکٹ لگا دیے جائیں تو بھی یہ مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔

کیا دھاتی چھتیں شور مچاتی ہیں؟

اگرچہ یہ ایک عام غلط فہمی ہے کہ جب بارش یا اولے پڑتے ہیں تو دھاتی چھتیں زیادہ شور مچاتی ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ جب مناسب طریقے سے دھاتی چھت لگائی جاتی ہے تو وہ کسی بھی طرح کا کوئی شور پیدا نہیں کرتیں۔ دھاتی چھت عام طور پر کسی ٹھوس مٹیریل یا تہہ پر لگائی جاتی ہے اور اضافی طور پر اس میں انسولیشن کی شمولیت آواز یا شور کو روکتی ہے۔ اس طرح گھر کے اندر مقیم افراد کودھاتی چھت پر ہونے والا شور سنائی نہیں دیتا۔

بجلی کیلئے موصولیت

اب سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ اگر دھات سے چھت بنالی جائے تو کیا یہ بجلی کیلئے موصل ہوگی یا نہیں؟ اگر آپ کو لگتا ہے کہ دھاتی چھت بجلی کو اپنی جانب کھینچیں گی تو جان لیجیے کہ حقائق یا اعدادوشمار اس بات کی تصدیق نہیں کرتے۔ میٹل کنسٹرکشن ایسوسی ایشن کے تکنیکی بلیٹن کے مطابق دھاتی چھت کسی بھی طرح سے بجلی گزرنے کے خطرے کو نہیں بڑھاتی۔ نہ صرف یہ بلکہ اگر دھاتی چھت پر بجلی گرے بھی تو اس میں آگ نہیں لگتی جیسے کہ سیمنٹ کی چھت میں لکڑی شامل ہو نے کی وجہ سے لگ سکتی ہے۔

دھاتی چھت کو کیا بیرونی عوامل سے خطرہ ہوتا ہے ؟

آگ لگنے کی صور ت میں دھاتی چھت چٹختی یا پھٹتی نہیں ہے۔ اس لیے اسے کسی حد تک فائر پروف سمجھا جاتاہے۔ اس کے علاوہ اسے حشرات دیمک جیسے کیڑے کبھی بھی خراب نہیں کر سکتےاور یہ گلنے سڑنے اور پھپھوندی لگنے سے محفوظ رہتی ہے۔ چونکہ دھاتی چھت سورج سے جلدگرمی جذب کرتی ہے اسلئے اس پر پڑی برف زیادہ تیزی سے پھسلتی ہوئی نیچے چلی جاتی ہے۔

زیادہ انرجی ایفیشنٹ

صنعتی مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ دھات کی چھتیں شمسی توانائی کو زیاد ہ منعکس کرتی ہیں اور توانائی کے اخراجات کو10سے25فیصد تک کم کرسکتی ہیں۔ ایسی آب و ہوا میں جہاں توانائی کے اخراجات زیادہ ہوتے ہیں ، وہاں دھات کی چھت کو چمکدار یا دانے دار کوٹنگ کی مدد سے منعکس کرنے کی گنجائش کو زیادہ سے زیادہ اور توانائی کی بچت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

زیادہ کفایتی ہونا

اگرچہ زیادہ تر دھاتی چھت سیمنٹ والی چھتوں سے پائیداری میں (تقریباً 30سال تک) مقابلہ کرسکتی ہیں، لیکن عملی طور پر دھاتی چھتیں پچاس سال یا اس سے زیادہ عرصے تک اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق ، دھات کی چھتیں عام طور پر 40 سے 70 سال تک کے لیے پائیدار ہوتی ہیں جبکہ امکانی طور پر گھر کےمالک کو 50 سال کے عرصے میں اسفالٹ چھت (سیمنٹ بجری والی) دو سے تین بار تبدیل کر نا پڑ سکتی ہے۔ مجموعی طور پر اگرچہ دھاتی چھت کی لاگت اسفالٹ چھت سے زیادہ ہے (تقریباً دگنی) لیکن طویل مدت میں یہ کفایتی محسوس ہوتی ہے۔

کیا چھت کی زائد ڈھلوان ضروری ہے؟

اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ دھات کی چھت صرف بہت زیادہ اونچائی والی تکونی چھتوں کے لیے موزوں ہے، تاہم کم ڈھلوان میں بھی دھاتی چھتیں بہتر کام میں آتی ہیں۔ اس طرح چھت پر پانی موجود نہیں رہتا اور وہ بہہ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آجکل لوگ اپنے گھروں کی اسفالٹ چھتوں پر دھات والی تکونی چھتوں کی تنصیب کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تنصیب اور مرمت

دھاتی چھت عام طور پر صرف منتخب خوردہ فروشوں کے پاس دستیاب ہوتی ہے، جس کی تنصیب اور مرمت کیلئے خصوصی تکنیک اورمہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ دھات کی چھت کا انتخاب کرتے ہیں اور اس حوالے سے آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو آپ کسی ماہر کو فون کرسکتے ہیں، تاہم دھات کی چھتوں میں مرمت کے مسائل بہت کم سامنے آتے ہیں۔

تازہ ترین