• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روبینہ فرید، کراچی

دینِ اسلام کا بنیادی وصف’’حیا‘‘ ہے۔ ہمارے دین میں تصوّرِحیا کو اس قدر اہمیت حاصل ہے کہ اسے ایمان کے برابر قرار دیا گیا ہے۔ حدیثِ مبارکہﷺ ہے’’جس میں حیا نہیں، اس میں ایمان نہیں۔‘‘ایک اور حدیثِ مبارکہﷺ میں ارشاد ہوا کہ ’’حیا جس چیز میں بھی شامل ہو، اُسے زینت دیتی ہے۔‘‘اس کے ساتھ ہی حیا کے وسیع تصوّر کو بیان کرتے ہوئے فرمایا گیا، ’’حیا یہ ہے کہ جو کچھ تیرے دماغ میں گزرے، اس کے بارے میں تُو اپنے ربّ سے حیا کر اور جو کچھ تیرے پیٹ میں جائے، اس کے بارے میں اپنے ربّ سے حیا کر۔‘‘یہ حدیث اس تصوّر کو واضح کرتی ہے کہ مومن حیا کا پیکر ہے اور اس کی حیا کا سب سے پہلا حق دار اس کا خالق ہے کہ وہ اپنی کُل زندگی میں اسے اپنا نگران سمجھے اور اس بات سے حیا کرے کہ اس کی زندگی کا کوئی دائرہ ایسے اعمال پر مشتمل نہ ہو، جو اس کے رب کے نزدیک نا پسندیدہ ہوں۔

حجاب، درحقیقت حیا کے بیج سے پُھوٹنے والے شجر کا ایک پھل ہے۔ ہر دین کی تعلیمات اپنے پیروکاروں کی سیرت و کردار کو ایک خاص سانچے میں ڈھالتی اور اپنے شعائر سے پہچانی جاتی ہیں۔ حجاب، دینِ اسلام کا شعار ہے اور اس کی بُنت اسلام سے محبّت کا ثبوت ہے۔ قرآنِ پاک میں تصوّرِ حیا کو اُجاگر کرتے ہوئے مَرد و عورت دونوں کو غَضِّ بصر(نگاہ نیچی رکھنا)کا حکم دیا گیا، لیکن خواتین کو ایک اضافی حکم’’حجاب‘‘کی صُورت بھی دیا گیا کہ وہ گھر سے باہر نکلتے ہوئے ربّ کا پسندیدہ ڈریس کوڈ اختیار کریں، تاکہ ’’پہچان لی جائیں اور ستائی نہ جائیں۔‘‘گویا حجاب بھی نماز، روزے کی طرح ربِّ کریم کی مرضی کے آگے سَرِ اطاعت خم کرنے کی ایمانی علامت ہے، جو اپنے اندر یہ اعلان رکھتی ہے کہ ’’مَیں اللہ تعالیٰ کی بندی ہوں، میرا ہر قدم اس کی اطاعت میں اُٹھے گا، کوئی مجھ سے غلط توقعات وابستہ نہ کرے۔‘‘ دُنیا کے کسی اعلیٰ ادارے سے منسلک ہوجانے والے افراد بڑے فخر سے اپنایونی فارم زیبِ تن کرتے اور اس پر ناز بھی کرتے ہیں، تو ایک مسلمان خاتون کے لیے یہ بات کتنی مسّرت انگیز ہے کہ جمال رکھنے اور جمال کو پسند کرنے والے ربّ نے اس کے وجود کے ہر رنگ کو پُرکشش بنایا اورپھر اس کشش کو نظرِبد سے بچانے کے لیےحجاب جیسا یونی فارم عطا کیا۔ 

دُنیا کی ہر قیمتی شے کو ایک ڈھال، غلاف یا حفاظتی تہہ عطا کی جاتی ہے اور ’’مسلم عورت‘‘ اللہ ربّ العالمین کے نزدیک اتنی قیمتی ہے کہ وہ اسے ’’حجاب‘‘ کے تحفّظ ہی میں دیکھنا پسندکرتا ہے کہ بھلا تخلیق کرنے والا اپنی تخلیق کو کیسے آلودہ دیکھ سکتا ہے؟ بلاشبہ حیا وحجاب کو پورے شعور سے اپنا شعار بنانے والی مسلمان عورت اس امر کو پالیتی ہے کہ اُس کا ربّ، اُسے ظاہر کو آراستہ کرنے کی فکر سے بےنیاز کرکے باطن کو مصفّا کرنے کے مشن پر گام زن کر رہا ہے،لہٰذا وہ اپنے کردار، وقت، توجّہ اورمحنت کوصدق و امانت، خدمت و دیانت، شجاعت و استقامت اور بُلند عزائم سے جگمگانے میں مصروف ہو جاتی ہے اور آنے والی نسل بھی اس سے تعمیرِکردار کا یہی سبق سیکھتی ہے۔’’حجاب‘‘وہ علامت ہے، جسے زیبِ تن کرتے ہی بندگی ٔربّ، تحفّظ، وقار اور آسودگی کے احساسات پروان چڑھتے ہیں۔ یہ عورت کی فطری پیاس ہے، تب ہی تو غیر مسلم خواتین بھی اسلام قبول کرتے ہی سب سے پہلے حجاب کو اپنا شعار بناتی ہیں اور مزاحمتوں کے باوجود اس پر جمی رہتی ہے۔

ازل سے آدم و ابلیس کی جنگ جاری ہے اور ابد تک رہے گی۔ اس جنگ میں ابلیس نے پہلا وار’’حیا کے لبادے‘‘ہی پر کیا تھا،لہٰذا یہ بات گِرہ سے باندھ لیں کہ حجاب محض گز، ڈیڑھ گز کپڑے کا ٹکڑا نہیں، ایک پورے ’’طریقۂ زندگی‘‘ کا نام ہے۔ آج جب کہ عورت کو Women Empowerment کے خوش نُما نعرے سے بہلا کر ایک ایسے سراب کے پیچھے لگا دیا گیا ہے، جس کے اختتام پر تنہائی، عدم تحفّظ اور نا قدری کے سوا کچھ نہیں، تو یہ حجاب جیسی روحانی قدر اسے نظروں کی حفاظت و پاکیزگی، محرم و نامحرم کی تمیز، خاندان کی مرکزیت، نسلوں کی تربیت اور کردار کی استقامت کا سبق دیتی ہے۔ آج کی تعلیم یافتہ اور بہادر مسلمان عورت نے زندگی کے ہر دائرۂ عمل میں اپنی مؤثر شرکت سے ثابت کر دیا ہے کہ اُس کا حجاب اُس کی ترقّی کی راہ میں ہرگز رکاوٹ نہیں۔ یہ اگر رکاوٹ ہے تو سطحی جذبات کی پرورش، غیر مہذّب خیالات، نامناسب تعلقات کے جنم لینے اور اپنی دینی تعلیمات بُھلا کر محض نفسانی خواہشات کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ ہے۔حجاب، اسلام کی ثقافت اور شعار ہے، جب کہ بے حجابی شیطانی ثقافت کا حصّہ۔ 

حجاب اسلام کے نظامِ عفّت و عصمت کی بنیاد ہے، جو عورت کو توقیر عطا کرتا ہے، خاندانوں کو محفوظ و مستحکم بناتا ہے، معاشرے کو پاکیزگی بخشتا ہےاور فریقین کے باہمی اعتماد کو پروان چڑھاتے ہوئے محبّتوں میں اضافے کا سبب بھی بنتا ہے۔ تو جس طرح ہر قوم اپنے شعائر پر فخر محسوس کرتی ہے، ہمیں بھی خالق کے عطا کردہ اس پروٹوکول پر فخرکرتے ہوئے تصوّرِ حیا پر کاربند رہنے میں فخر و امتیاز محسوس کرنا چاہیے۔

تازہ ترین