• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی نشریات ”جینے دو کراچی کو“ آج ”جیونیوز“ پردیکھیں

کراچی (محمد ناصر) کراچی پاکستان کا بڑا شہر اور تجارتی حب ہے، ملک کے سب سے بڑے شہر کے مسائل تو بڑھتے جارہے ہیں مگروسائل بھی مسلسل گٹھ رہے ہیں۔ اس شہر میں ہر طرف کچرا اور ٹوٹی سڑکیں ہیں، نہ تو یہاں وقت پر بجلی ملتی ہے اور پانی کا بھی بحران رہتا ہے، ہر طرف کچرے کا انبارہے، انفرا اسٹرکچر بالکل تباہ ہوچکا ہے اور عوام بنیادی سہولتوں کیلئے بھی ہر وقت پریشان رہتے ہیں ایسے میں اُن کی نظریں صرف حکمرانوں پر لگی رہتی ہیں کہ وہ کب اِس شہر کی حالت بدل کر اُنہیں اِن مشکلات سے باہر نکال سکتے ہیں۔ شہرقائد کے اُلجھتے معاملات پر حکمرانوں کی توجہ دلانے کیلئے ”جیونیوز“ نے ایک بار پھر خصوصی نشریات ”جینے دو کراچی کو“ کے عنوان ترتیب دی ہے۔ جس میں کراچی کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنما اور ماہرین شرکت کرکے روشنیوں کے شہر کو ٹھیک کرنے کا حل بیان کریں گے۔ خصوصی نشریات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب، تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی، میئر کراچی وسیم اختر اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شہر کے مسائل پر بے لاگ گفتگو کریں گے۔ ”جینے دو کراچی کو“ کی خصوصی نشریات کا آغاز اتوار کی دوپہر ایک بجکر پانچ منٹ پر ہوگا اور میزبانی سینئر صحافی حامد میر کریں گے۔
تازہ ترین