ڈھاڈر/ سبی/پنجگور(نامہ نگاران)سبی میں مسافر وین اور ٹرک میں ہولناک تصادم، 12 افراد ہلاک،16زخمی ہوگئے، پنجگور میں بھی حادثے میں بچے سمیت 3 ہلاک ہوگئے۔ڈھاڈر سے نامہ نگار کے مطابق مٹھڑی کے قریب قومی شاہراہ پر مسافر وین اور مزدا ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 12افراد ہلاک جبکہ 16افراد زخمی ہوئے جن میں چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بدقسمت مسافر وین کوئٹہ سے جیکب آباد جارہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والے مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی ۔حادثہ میں وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی ۔ دونوں گاڑیوں کے ٹکراؤ سے پیدا ہونے والی آواز دور دور تک سنی گئی۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر قیامت صغریٰ کا منظر تھا اور ہر طرف آہ و بکا مچی ہو ئی تھی اور قومی شاہراہ پر خون ہی خون پھیل گیا تھا۔ حادثے کے بعد ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی، ڈھاڈر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،کچھی، سبی انتظامیہ،ایدھی ،سائبان ویلفئر ٹرسٹ کی ایمبولنسوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر نعشوں اور زخمیوں کو سبی ہستپال منتقل کردیا ۔ حادثے میں چھ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ چار افراد سبی سول ہسپتال میں دوران طبی امداد دم توڑ گئے ۔حادثہ کی اطلاع ملنے پر کچھی سبی لیویز،پولیس،ایف سی کے جوان جائے حادثہ پہنچ گئے ڈپٹی کمشنر کچھی اور ڈپٹی کمشنر سبی نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہستپال سبی،ڈھاڈر میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ سبی سے نامہ نگار کے مطابقحا دثے کی اطلاع ملتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد خون دینے اور اپنے عزیزوں کی خیریت دریا فت کرنے ہسپتال پہنچ گئی ۔عینی شاہدین کے مطا بق حا دثہ تیز رفتاری اور گنجا ئش سے ذیا دہ افراد کے ویگن میں سوار ہونے کے با عث پیش آیا جہاں ویگن ڈرائیور سامنے سے آنے والے تیز رفتار مزدا کے سامنے بیلنس برا بر نہ کر سکا ۔جیکب سے کوئٹہ کے درمیان بلو چستان کی زخمی شاہرا ہوں پر ایک اور المناک واقع انتظامیہ اور ٹرانسپوٹرز کی غفلت کے با عث پیش آ گیا جہاں 10قیمتی جا نیں ضا ئع ہو گئیں اور کئی مسا فر شدید زخمی ہو کر بستر پر لگ گئے ۔ درایں اثناء پنجگورسے نامہ نگار کے مطابق گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک بچے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔ڈرائیورکو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل گوارگوکے علاقے فتح علی بازار کے قریب سی پیک روڈ پرایرانی ساختہ گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دوبھائی ساجن بامری ‘نبیل بامری ولد فداحمد اور چھ سالہ نجیب بامری موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے لیویز نے ڈرائیورعبدالقادرسکنہ کاٹاگری کوزخمی حالت میں گرفتارکرکے ہسپتال منتقل کیاجبکہ لاشیں ضروری کارروائی کے بعدلواحقین کے حوالے کردی گئیں۔