• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے، شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریت کے استحکام کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے۔

صدر بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) گبریلا کویس بیرن نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں جمہوری نظام کو مستحکم بنانے میں پارلیمنٹ کے کردار پر تبادلہ خیال کیاگیا، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیر خارجہ نے آئی پی یو کے پلیٹ فارم سے دنیا میں پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے صدر آئی پی یو کی خدمات کو سراہا اور صدر آئی پی یو کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور آئی پی یو کے درمیان باہمی ربط کو مزید مستحکم کرنے کے متمنی ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی ہندتوا سوچ اور یکطرفہ غیر آئینی اقدامات خطے کے لیے خطرے کا باعث ہیں، مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہری ایک سال سے کرفیو کی صورت میں بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری، سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے آئی پی یو اور عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے سبب کورونا پر کافی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔

وزیر خارجہ نے صدر آئی پی یو کو کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

تازہ ترین