بالی ووڈ کے سینئر فنکار امیتابھ بچن نےعالمگیر وبا کورونا کو شکست دینے کے بعد اپنے پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے نئے سیزن کی شُوٹنگ کا آغاز کردیا۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کئے شو کی شُوٹنگ کے دوران لی گئی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ اس شو کو کرتے ہوئے انہیں 20 سال کا طویل عرصہ بیت چکا ہے۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ’میں کام پر واپس آگیا ہوں، کون بنے گا کروڑ پتی کے سیزن 12 کی عکس بندی کے دوران سب نے کورونا سے بچاؤ کیلئے نیلے رنگ کا پی پی ای پہنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس شو کو کرتے ہوئے حیرت انگیز 20 سال گزر چکے ہیں، یہی زندگی ہے۔
خیال رہے کہ جولائی 2000 میں برطانوی طرز کے شو کا آغاز بھارت میں بھی ہوا، جس کے سوائے 3 سیزن کے تمام سیزن کی میزبانی امیتابھ بچن نے کی ہے۔
امیتابھ بچن کی غیر موجودگی میں اس شو کی میزبانی شاہ رخ خان نے کی تھی، آج کل امیتابھ بچن سیزن 12 کی شُوٹنگ میں مصروف ہیں۔
امیتابھ بچن 11 جولائی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے نانا وتی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
23 دن زیر علاج رہنے کے بعد کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر 3اگست کو انہیں گھربھیج دیا گیا تھا۔